مردم شماری: مولانا کلب جواد نقوی کی عوام سے مادری زبان کے خانے میں اردو درج کرنے کی اپیل
14
M.U.H
01/05/2026
لکھنؤ یکم مئی : مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولاناسید کلب جوادنقوی نے ملکی سطح پر جاری مردم شماری میں عوا م سے سنجیدگی سے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مردم شماری کے فارم میں اپنی مادری زبان کے خانے میں پوری ذمہ داری، بیداری اور شعور کے ساتھ ’اردو ‘درج کریں۔ فارم ویب سائٹ پر اپ لوڈ ہونے کے بعد چیک ضرور کریں تاکہ آپ کی معلومات کا صحیح اندراج ممکن ہوسکے ۔اگر فارم میں مادری زبان کے خانے میں ’اردو ‘ درج نہیں ہوسکی ہے تو اس کے اندراج کے لئے دوبارہ درخواست دی جائے ۔
مولانانےآگے اپنے بیان میں کہاکہ مردم شماری محض آبادی کی گنتی نہیں بلکہ یہ قوموں کی لسانی، تہذیبی اور سماجی شناخت کے تحفظ کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ کسی بھی زبان بولنے والوں کی درست تعداد ہی اس کے تعلیمی، ثقافتی اور آئینی حقوق کے استحکام کی بنیاد بنتی ہے۔اگر اردو بولنے والے اپنی مادری زبان کے اندراج میں غفلت برتیں گے تو اس کے منفی اثرات آنے والی نسلوں کے تعلیمی حقوق، سرکاری نمائندگی اور لسانی شناخت پر مرتب ہوسکتے ہیں۔ لہٰذا ہر فرد، ہر خاندان اور ہر ذمہ دار شہری کا فرض ہے کہ وہ مردم شماری کے عملے کو درست معلومات فراہم کرے اور مادری زبان کے خانے میں بلا تردد ’اردو ‘ لکھوائے ۔مولانانے کہاکہ ہم تمام سماجی اور ملّی تنظیموں بالخصوص ائمہ جمعہ و جماعت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ عوام میں بیداری پیدا کریں اور اس پیغام کو گھر گھر پہنچائیں کہ زبان کا صحیح اندراج دراصل اپنی شناخت، اپنے تشخص اور اپنی تہذیبی بقا کا تحفظ ہے۔ائمہ جمعہ وجماعت نماز جمعہ کے خطبات ،نماز جماعت میں شریک لوگوں اور دیگر سماجی حلقوں تک اس پیغام کو ضرور پہنچائیں تاکہ مردم شماری میں ہماری صحیح حصہ داری ہوسکے ۔مولانانے کہاکہ مردم شماری کا فارم آن لائن دستیاب ہے جس کو آپ خود بھرسکتے ہیں ،اس لئے کوشش کریں کہ تمام معلومات صحیح مندرج ہوں اور فارم کو اپنے پاس بھی محفوظ رکھیں تاکہ آئندہ کوئی یہ نہ کہہ سکے کہ فارم نہیں بھراگیاتھا۔لہذا مردم شماری فارم بھرنے میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے ۔