جرمنی سے جنگ ہوئی تو پورے یورپ کی اینٹ سے اینٹ بجادیں گے، روس کا انتباہ
32
M.U.H
07/05/2026
روسی عہدیدار نے خبردار کیا کہ روس-جرمنی جنگ کی صورت میں جرمن صنعت مکمل طور پر برباد اور یورپی تہذیب کے وجود کو خطرہ لاحق ہوجائے گا۔
روس کی سلامتی کونسل کے نائب چیئرمین دیمتری میدویدیف نے جرمنی کو سخت انتباہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر روس اور جرمنی کے درمیان جنگ چھڑ جائے تو اس کے نتیجے میں نہ صرف جرمنی کی صنعت مکمل طور پر تباہ ہوجائے گی بلکہ پورے یورپ کی تہذیب بھی وجودی خطرے سے دوچار ہو سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق میدویدیف نے جرمنی میں بڑھتی عسکریت پسندی کے بارے میں کہا کہ جرمن اشرافیہ کے لیے روس کا واضح پیغام یہ ہے کہ بدترین صورتحال میں کم از کم باہمی یقینی تباہی کا امکان بہت زیادہ ہے، اور حقیقت میں یہ یورپی تہذیب کی تاریخ کے خاتمے کا سبب بن سکتا ہے، جبکہ روس کا وجود برقرار رہے گا۔
میدویدیف نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جرمنی کی جس صنعت کو دنیا میں طاقتور سمجھا جاتا ہے، وہ محض نقصان کا شکار نہیں ہوگی بلکہ مکمل طور پر تباہ ہوجائے گی اور جرمن معیشت ایسی تباہی سے دوچار ہوگی کہ اس کی بحالی ممکن نہیں رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے بعد جرمنی کے باقی ماندہ قابل اور سمجھدار افراد روس، امریکہ، چین یا دیگر ایشیائی ممالک کی طرف ہجرت کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔
روسی رہنما نے دعوی کیا کہ ایسے سنگین نتائج کی واضح نشاندہی ہی نازی وارثوں اور ان کے جرمن اتحادیوں کو ہوش میں لاسکتی ہے اور دونوں محاذوں پر لاکھوں جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔