حزب الله کیساتھ جنگ بندی نہیں ہو سکتی: اسرائیلی وزیر داخلہ
6
M.U.H
04/06/2026
ایک جانب "امریکہ" و "اسرائیل" دعوے کر رہے ہیں کہ "تل ابیب"، "لبنان" کے ساتھ جنگ بندی کا پابند ہے تو دوسری جانب صیہونی وزیر داخلہ "ایتمار بن گویر" شدت سے ان دعووں کو رد کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے ایتمار بن گویر کا کہنا ہے کہ لبنان کے ساتھ جنگ بندی محض ایک خیال ہے۔ کیونکہ "حزب الله" دریائے لیطانیہ کے شمال سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ مذکورہ جنگی مجرم نے شمالی مقبوضہ فلسطین میں اپنی قابض فورسز کے خلاف حزب الله کے ڈرون حملوں اور چھاپہ مار کارروائیوں کی شدت کا ذکر کیا۔ اس بارے میں صیہونی وزیر داخلہ نے کہا کہ حزب الله مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت لبنان کے معاملے پر امریکی و اسرائیلی حکام اور ان کے حمایتی میڈیا کی جانب سے "ڈونلڈ ٹرمپ" اور "نتین یاہو" کے درمیان ڈرامائی جھگڑے کو خوب اچھالا جا رہا ہے۔ جس پر ایتمار بن گویر نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ صورت حال میں نتین یاہو کو چاہئے کہ وہ امریکی صدر سے کہیں کہ آپ کا احترام سر آنکھوں پر مگر ہم لبنان کے معاملے پر آپ کی بات نہیں مان سکتے۔ ہم کسی ایسے گروہ کے ساتھ جنگ بندی نہیں کر سکتے جو اسرائیل کی سلامتی کے لئے خطرہ ہو۔