دشمن فوری طور پر لبنانی عوام پر حملے بند کرے: سپاہ پاسداران کا انتباہ
7
M.U.H
04/06/2026
تہران: سپاه انقلاب اسلامی نے ایک بیان میں متنبه کیا ہےکہ دشمن لبنانی عوام پر اپنے حملے فوری طور پر بند کرے اورلبنان کی بین الاقوامی سرحدوں تک پیچھے ہٹ جائے۔
لبنان کے حالیہ واقعات کے بعد آئی آر جی سی کے بیان کے متن میں کہا گیا ہے کہ لبنان عزت اور وقار کی سرزمین ہے۔ یہ سرزمین آج بھی غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کی زد میں ہے۔ عالمی اداروں اور دنیا کے ممالک اور قوموں کی مخالفت اور اظہار نفرت کا تل ابیب کے خونخوار حکمرانوں کے طرز عمل پر کوئی اثر نہیں ہوا اور امن قائم کرنے کی دعویدار استکباری امریکی حکومت کی مداخلت کا جرائم اور نسل کشی میں اضافے کے علاوہ کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بزدل صہیونی فوج اپنے تمام تر ہتھیاروں سے مختلف محاذوں پر اپنی شکستوں کی تلافی کے لیے عام شہریوں کو قتل اور گھروں، اسپتالوں اور اسکولوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔
اس بیان میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اس بات پرزور دیا ہے کہ علاقے کی اقوام لبنان کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گی ۔ بیان کے مطابق لبنانی عوام غاصب حکومت کو وہ کچھ حاصل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے جو وہ ایک مسلط کردہ معاہدے کے ذریعے یا جنگ میں حاصل نہیں کرسکی ہے۔
بیان واضح کیا گیا ہے کہ جنگ بندی کو قبول کرنے کے لیے ہماری ابتدائی شرط لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ بندی رہی ہے۔ دشمن کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر لبنانی عوام پر اپنے حملے بند کرے اور لبنان کے مقبوضہ علاقوں کو خالی کر کے بین الاقوامی سرحدوں تک پیچھے ہٹ جائے اور لبنان کی ارضی سالمیت کو تسلیم کرے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان کے عوام امت اسلامیہ کا فخر اور خطے کی اقوام کی عزت کی علامت ہے اور ہم سب دل و جان سے ان کی حمایت کریں گے اور لبنان کے مقبوضہ علاقوں سے انخلاء کے بغیر خطے میں کوئی امن قائم نہیں ہو گا۔