ایران عزت و وقار کی علامت ہے، شیخ نعیم قاسم کا قالیباف کے نام پیغام
4
M.U.H
17/06/2026
حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے لبنان اور مزاحمتی تحریک کی بھرپور حمایت پر ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران انصاف، مزاحمت اور مظلوم اقوام کے ساتھ کھڑا ہے اور وہ عزت و وقار کی علامت بن چکا ہے۔
حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کے نام اپنے ایک پیغام میں لبنان اور مزاحمتی تحریک کی حمایت پر ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے مضبوط مؤقف اور مؤثر تعاون کو الفاظ میں مکمل طور پر بیان نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ لبنان اور خطے میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کو روکنے کے لیے ایران کا کردار فیصلہ کن اور انتہائی مؤثر رہا ہے۔ ایران ہمیشہ انصاف، مزاحمت اور مظلوم اقوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے، اور اگر دیگر ممالک بھی یہی روش اپناتے تو امریکہ اور اسرائیل اس قدر اثر و رسوخ اور طاقت حاصل نہ کر پاتے اور فلسطینی سرزمین پر قبضہ بھی برقرار نہ رہتا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران نے ہمیشہ حزب اللہ اور لبنانی عوام کی غیر مشروط حمایت کی، مزاحمت کے سیاسی فیصلوں کی تائید کی، اس کی صلاحیتوں کو مضبوط بنایا اور لبنانی معاشرے کی مدد میں اہم کردار ادا کیا۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ ایران نے اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے بھاری قیمت ادا کی ہے اور اپنے خلاف ہونے والے حملوں کا جواب بھی دیا ہے۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ میں کھلے اور دوٹوک انداز میں کہتا ہوں کہ ایران عزت و وقار کی علامت ہے۔
حزب اللہ کے سربراہ نے رہبر معظم انقلاب، صدر پزشکیان، محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی، سپاہ پاسداران انقلاب، مسلح افواج، دانشوروں اور مختلف ایرانی اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایرانی عوام کی جانب سے مزاحمت کے حق میں ہونے والے مظاہرے اور اظہارِ یکجہتی اس تحریک کی وسیع عوامی حمایت کا ثبوت ہیں۔