عبری زبان کے اسرائیلی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ جنوبی لبنان کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت میں کمی آئی ہے، تاہم قابض صیہونی رژیم اب بھی جنگ بندی کی خلاف ورزی میں مشغول ہے جیسا کہ آج صبح سے جنوبی لبنان کے شہر نبطیہ کے دیہاتوں اور قصبوں کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
عرب چینل المنار کے مطابق بیک وقت ڈرون طیاروں کی وسیع پروازوں، فضائی حملوں اور پراکندہ اہدف نے جنوبی لبنان کو نشانے پر لے رکھا ہے۔ ادھر الجزیرہ نے بھی اپنی بریکنگ نیوز میں جنوبی لبنان کے علاقے نبطیہ کے قصبے کفرتبنیت کے مضافات میں اسرائیلی ڈرون طیاروں کے حملے کی خبر دی اور اعلان کیا ہے کہ کفرتبنیت اسکوائر میں ایک کار کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے جس میں 1 شخص شہید اور 1 شدید زخمی ہوا ہے۔
المیادین کے نامہ نگار نے جنوبی لبنان سے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فوج نے نبطیہ الفوقا کے علاقے پر توپخانے سے بمباری کی۔ لبنانی ذرائع نے یہ اطلاع بھی دی کہ جنوبی لبنان کے قصبے بیت یاحون میں ہونے والے اسرائیلی ڈرون حملے میں 2 لبنانی شہری زخمی ہوئے ہیں نیز لبنان کی سرکاری خبررساں ایجنسی نے بھی جنوبی لبنان کے قصبے حداثا پر نئے اسرائیلی ہوائی حملے کی اطلاع دی ہے۔