این ٹی اے نے مانی غلطی، نیٹ امیدوار کا امتحانی مرکز ہوگا تبدیل، ابوظہبی میں نہیں اب ناگپور میں ہی امتحان دے گا عبداللہ
8
M.U.H
20/06/2026
ملک کے باوقار امتحانات میں سے ایک نیٹ (قومی اہلیت کم داخلہ ٹیسٹ) کے پیپر لیک پر چوطرفہ اٹھنے والے وبال اور ہنگامے کے بعد دوبارہ کرائے جا رہے امتحان کے سلسلے میں بھی لاپرواہیاں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ ناگپور کے ایک نیٹ امیدوار کو 21 جون کے دوبارہ امتحان کے لیے ابو ظہبی (یو اے ای) کا امتحانی مرکز الاٹ کر دیا گیا تھا۔ ’ٹی وی 9‘ کی رپورٹ کے مطابق نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کی مبینہ تکنیکی گڑبڑی کی وجہ سے ناگپور کے طالب علم عبد اللہ محمد طالب کو 21 جون کو ہونے والے ’نیٹ ری ایگزام‘ کے لیے ابوظہبی سینٹر ملا تھا۔ اب این ٹی اے نے ’ایکس‘ پر بیان جاری کر کہا کہ ’’اس شکایت کا ازالہ کیا جا رہا ہے اور ضروری تصدیق کے بعد اگلے چند گھنٹوں میں امیدوار کو ناگپور میں امتحانی مرکز الاٹ کر دیا جائے گا۔‘‘
واضح رہے کہ امتحانی مرکزی کی تبدیلی کے سبب طالب علم اور اس کے اہل خانہ کافی پریشان تھے کیونکہ امتحان میں صرف ایک دن باقی ہے۔ متاثرہ طالب علم نے اپنی پریشانی شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے پاس تو پاسپورٹ بھی نہیں ہے کہ وہ وہاں امتحان دینے جاسکیں۔ اس سے قبل سابقہ امتحان میں عبد اللہ کو ناگپور میں ہی امتحان سینٹر الاٹ کیا گیا تھا۔ طالب علم نے اپنی درخواست میں سینٹر کے لیے ناگپور، وردھا کو ترجیح دی تھی لیکن اس کو نظر انداز کرتے ہوئے این ٹی اے نے مقامی متبادل کے بجائے بیرون ملک امتحان کا سینٹر الاٹ کر دیا تھا۔
اس سنگین معاملے کے اطلاع ملنے کے بعد عبد اللہ کے والدین نے این ٹی اے ہیلپ لائن پر شکایت درج کرائی۔ حکام نے ابتدائی طور پر تکنیکی گڑبڑی کا اعتراف کیا ہے اور امتحان سینٹر تبدیل کرنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے قومی اہلیت کم داخلہ ٹیسٹ انڈرگریجویٹ (نیٹ یوجی) 2026 کے دوبارہ امتحان میں شامل ہونے والے امیدواروں کو امتحان سے متعلق ضروری معلومات اور سینٹر سے متعلق تفصیلات اپنے آفیشل واٹس ایپ چینل کے ذریعے بھیجے گی۔ ایجنسی کے مطابق یہ پہل اس لیے شروع کی گئی ہے تاکہ امیدواروں کو براہ راست متعلقہ معلومات حاصل ہوسکیں۔ 21 جون 2026 کو ہونے والے دوبارہ امتحان سے قبل کسی بھی طرح کی الجھن نہ ہو۔
امتحانی مرکز کی تبدیلی کے معاملے پر مہاراشٹر کے سابق وزیر اور کانگریس لیڈر ڈاکٹر انیس احمد نے ’آج تک‘ سے بات کرتے ہوئے شدید ناراضگی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی اے نے ملک کے اس اہم امتحان کی دھجیاں اڑا دی ہیں اور فوری طور پر ترمیم شدہ ایڈمٹ کارڈ جاری کیا جانا چاہئے۔ انیس احمد نے بتایا کہ انہوں نے معاملہ اٹھانے کے بعد این ٹی اے کی ہیلپ لائن پر رابطہ کیا۔ کل دیر رات رابطہ ہونے کے بعد طالب علم کو بتایا گیا کہ ہے آج (سنیچر) کو شام 4 بجے تک ناگپور کا سینٹر الاٹ کر دیا جائے گا اور نیا ایڈمٹ کارڈ بھی جاری کردیا جائے گا۔