امریکا ایران معاہدے کے باوجود اسرائیل اپنی فوج لبنان سے نہیں نکالے گا: نیتن یاہو
7
M.U.H
19/06/2026
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت طے ہوجانے کے باوجود لبنان سے اپنی فوجیں واپس بلانے سے صاف انکار کردیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس فیصلے کا اعلان اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایک سرکاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ معاہدے اور بین الاقوامی دباؤ کے باوجود اسرائیلی فوج جنوبی لبنان سے واپس نہیں ہٹے گی۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا مزید کہنا تھا کہ جب تک اسرائیل کی سلامتی کا تقاضا ہوگا جنوبی لبنان میں قائم سکیورٹی زون برقرار رکھا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ شمالی اسرائیل کے شہروں میں امن اور خوشحالی کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کی موجودگی ناگزیر ہے۔
انہوں نے زور دیکر کہا کہ ہم شمالی شہروں میں سیکیورٹی اور خوشحالی بحال کریں گے اس کے لیے جنوبی لبنان میں سیکیورٹی زون برقرار رکھنا ضروری ہے اور جب تک اسرائیل کی سلامتی کا تقاضا ہوگا ہم وہاں سے نہیں جائیں گے۔ یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں حزب اللہ کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں کو ضرورت سے زیادہ جارحانہ قرار دیا تھا اور یہ محاذ شامی صدر احمد الشرح کے حوالے کرنے کی تجویز دی تھی۔ دریں اثنا ایران نے بھی امریکا کے ساتھ ہونے والے مفاہمتی معاہدے میں جنوبی لبنان سے مکمل اسرائیلی انخلا کو ایک بنیادی شرط قرار دیا ہے۔