شیوسینا صرف ایک ہے جس کی قیادت ایکناتھ شندے کررہے ہیں: وزیرداخلہ امت شاہ
29
M.U.H
20/06/2026
کولہاپور: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) میں جاری بغاوت کی قیاس آرائیوں کے درمیان ہفتہ کے روز کہا کہ اب شیو سینا میں کوئی دھڑا باقی نہیں رہا، بلکہ صرف ایک ہی شیو سینا ہے، جس کی قیادت ایکناتھ شندے کر رہے ہیں۔ کولہاپور میں منعقدہ جلسۂ تشکر سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا: ’’پہلے ہمیں شیو سینا کو ایکناتھ شندے کے نام پر ‘شندے دھڑا’ کہنا پڑتا تھا، لیکن اب کوئی دھڑا نہیں رہا۔ اب صرف ایک ہی شیو سینا ہے۔‘‘
امبابائی مندر کے ترقیاتی منصوبے کا سنگ بنیاد
اس سے قبل امت شاہ نے کولہاپور کے ماتا امبابائی مندر میں پوجا ادا کی اور مندر کے احاطے کی جدید کاری اور خوبصورتی کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا: ’’مہاراشٹر کی اس مقدس سرزمین، جہاں ماتا امبابائی کا آشیرواد حاصل ہے، ہم سب ایک نہایت نیک مقصد کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ ریاستی حکومت امبابائی مندر کی تزئین و آرائش اور کوریڈور کی تعمیر کا اہم کام انجام دے رہی ہے۔‘‘
’وکاس بھی، وراثت بھی‘ کے وژن پر زور
امت شاہ نے کہا کہ یہ ثقافتی احیا وزیراعظم نریندر مودی کے ’’وکاس بھی، وراثت بھی‘‘ کے وژن کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’مہاراشٹر میں تمام جیوتیرلنگوں اور شکتی پیٹھوں کی ازسرِ نو ترقی اور بحالی کا کام جاری ہے۔ یہ ہم سب کے لیے فخر کی بات ہے۔‘‘
شیو سینا (یو بی ٹی) میں بحران
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی شیو سینا (یو بی ٹی) میں مبینہ ’’آپریشن ٹائیگر‘‘ کے باعث بڑے پیمانے پر اراکین پارلیمنٹ کے ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیو سینا میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ اسی پس منظر میں شیو سینا (یو بی ٹی) نے اجلاس سے غیر حاضر رہنے والے اپنے اراکینِ پارلیمنٹ کو ایک نیا وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں نااہلی کی کارروائی سے خبردار کیا ہے۔
غیر حاضر اراکین کو 24 گھنٹے کی مہلت
لوک سبھا میں پارٹی کے چیف وہپ انل دیسائی نے غیر حاضر اراکینِ پارلیمنٹ کو باضابطہ نوٹس جاری کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر تحریری وضاحت طلب کی ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر مقررہ مدت میں جواب موصول نہ ہوا تو یہ تصور کیا جائے گا کہ متعلقہ ارکان نے ازخود پارٹی کی رکنیت چھوڑ دی ہے، جس کے بعد آئینِ ہند کے دسویں شیڈول (انسدادِ انحراف قانون) کے تحت ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
پارلیمانی اجلاس میں صرف تین ارکان شریک
جمعرات کو نئی دہلی میں منعقدہ شیو سینا (یو بی ٹی) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں نو اراکین لوک سبھا میں سے صرف تین اروند ساونت، انل دیسائی اور راجابھاؤ واجے نے شرکت کی، جبکہ ناگیش آشٹیکر، سنجے دیشمکھ، سنجے جادھو، سنجے دینا پاٹل، اوم پرکاش راجے نمبالکر اور بھاؤ صاحب واکچورے اجلاس سے غیر حاضر رہے۔