اگر ٹرمپ کہے تب بھی ہم لبنان سے نہیں نکلیں گے: اسرائیلی وزیر
3
M.U.H
26/06/2026
قابض اسرائیلی وزیر توانائی اور صیہونی سکیورٹی کابینہ کے رکن ایلی کوہن نے دعوی کیا ہے کہ اسرائیلی فوجی جنوبی لبنان کے مقبوضہ علاقوں سے کسی بھی حالت میں پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اسرائیلی چینل 14 کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ایلی کوہن کا کہنا تھا کہ ہم لبنان پر مکمل طور پر قبضہ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے، لیکن ہم پوری غزہ کی پٹی پر سکیورٹی کنٹرول نافذ کرنے کی کوشش میں ضرور ہیں۔
انتہاء پسند اسرائیلی وزیر برائے توانائی نے اس سلسلے میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل بالآخر غزہ کی پوری پٹی پر مکمل کنٹرول حاصل کر ہی لے گا اور یہ ہمارے سکیورٹی اہداف کا اصلی حصہ ہے۔ انتہاء پسند اسرائیلی وزیر نے کہا کہ لبنانی سکیورٹی زون سے انخلاء کا معاملہ فی الحال اسرائیل کے ایجنڈے میں شامل نہیں۔ ایلی کوہن نے مزید کہا کہ یہاں تک کہ اگر صدر ڈونلڈ ٹرمپ یا دیگر امریکی حکام بھی جنوبی لبنان سے اسرائیل کے انخلاء کا مطالبہ کریں تب بھی تل ابیب اس سے اتفاق نہیں کرے گا اور اس کا جواب صرف اور صرف "نہ" ہو گا!