ایران نے آبنائے ہرمز میں جہاز پر چار بار حملہ کیا، یہ اقدام پسند نہیں آیا، ڈونلڈ ٹرمپ
3
M.U.H
27/06/2026
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں ایران کی جانب سے جہاز پر حملہ اچھا نہیں لگا، جواب دیا جائے گا۔ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاوس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایرانی کارروائی کا جواب دینے کا اشارہ دے دیا اور کہا کہ انہیں اچھا نہیں لگا کہ ایران نے کل چار بار جہاز پر حملہ کیا، جس میں سے تین کو ناکام بنا دیا گیا تھا، کیا اس پر ردعمل دیا جائے گا، یہ آپ جان لیں گے۔ امریکی صدر نے کہا کہ ایران کی اس کارروائی پر امریکا کے ردعمل کے بارے میں جلد معلوم ہو جائے گا، تاہم انہوں نے فوری طور پر کسی ممکنہ کارروائی کی تفصیلات بیان نہیں کیں۔ یہ واقعہ آبنائے ہرمز کے قریب پیش آیا، جہاں ایک کارگو جہاز کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، اس واقعہ کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا اور عالمی جہاز رانی کے تحفظ سے متعلق خدشات بڑھ گئے۔
دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد کا جواب تشدد سے دیا جائے گا، تاہم اختلافات کے حل کے لیے بات چیت کا راستہ موجود ہے۔ جے ڈی وینس نے کہا کہ اگر ایران کو مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کے حوالے سے کوئی اعتراض ہے تو وہ براہ راست رابطہ کرکے بات کرسکتا ہے۔ امریکا کسی بھی حملے کو نظر انداز نہیں کرے گا۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی کہا ہے کہ واشنگٹن خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے، تاہم ایران کو آبنائے ہرمز کے استعمال پر کسی قسم کی فیس یا ٹول وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو متوازی راستوں اور ایران کو نظر انداز کرکے محفوظ نہیں بنایا جاسکتا، انتظامی فریم ورک اسلام آباد میمورنڈم کی شق 5 کے مطابق ہونا چاہیئے، ایسا نہ ہونے کی صورت میں متوازی بحری راستے کی معطلی ناگزیر ہوگی۔