غزہ، اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے اسمعیل ہنیہ کا بھتیجا شہید
3
M.U.H
26/06/2026
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قابض صیہونی رژیم کی جانب سے انجام پانے والی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں 4 فلسطینی شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ فلسطینی خبررساں ایجنسی معا کے مطابق شہید اسمعیل ہنیہ کے بھتیجے، ولید مجدی ہنیہ بھی آج صبح شہید ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ولید مجدی ہنیہ کو غزہ شہر کے مغربی علاقے النصر میں گذشتہ روز اسرائیلی فوج کی جانب سے گولیوں کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد سے وہ شدید زخمی حالت میں زیر علاج تھے۔
رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی کے شمالی شہر بیت لاہیا میں مختلف اوقات میں ہونے والی اسرائیلی فوج کی پراکندہ فائرنگ سے 3 دیگر فلسطینی بھی شہید ہوئے ہیں جبکہ غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس کے مشرق اور جنوب میں واقع "یلو لائن" کے ساتھ ساتھ اسرائیلی ٹینکوں کی جانب سے بھی سنگین حملے کئے گئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کے ہسپتالوں میں کل 2 شہید اور 15 زخمی لائے گئے ہیں۔