سپاہ: کویت میں علی السالم امریکی فوجی اڈے کا رڈار اسٹیشن اور عریفجان میں جارح فوجیوں کے جمع ہونے کا مرکز تباہ کردیا گیا
130
M.U.H
18/07/2026
تہران :سپاہ پاسداران انقلاب نے دہشت گرد امریکی فوج کی جارحیتوں کے جواب میں اپنی کارروائیوں کے بارے میں ستائیسواں اعلامیہ جاری کردیا جس کا متن مندرجہ ذیل ہے:
بسم اللہ قاصم الجبارین
عہد شکن امریکی حکومت نے ایک بار پھر مذاکرات کے درمیان، اس خیال خام کے تحت کہ ایران کمزور ہوگیا ہے، گزشتہ ہفتے کے شروع سے، وہ جنگ جو حقیقتا کبھی ختم نہیں ہوئی تھی، باضابطہ طور پردوبارہ شروع کردی۔ لیکن چند روز کی جنگ کے بعد،یہ معلوم ہوجانے پر کہ ایران کی مسلح افواج 28 فروری کو شروع ہونے والی جنگ کے پہلے دن کے مقابلے میں، کہیں زیادہ طاقتور ہوگئی ہیں، شرافتمندانہ انداز میں شکست قبول کرنے اور اپنے اندازوں کی غلطی کا اعتراف کرنے کے بجائے، گزشتہ روز سے،آمنے سامنے کی جنگ کے میدان سے فرار کرتے ہوئے، نیا طرزعمل اختیار کیا اورجںگی جرائم کے ذریعے، اپنی شکست کی پردہ پوشی کی کوشش کی اوراسپتالوں، پلوں، ریلوے لائنوں، ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور مواصلاتی مراکزوغیرہ پر حملے نیز عام شہریوں کا قتل عام کرکے، جنگ لڑنے کے بجائے، بزدلی اور جرائم کے ارتکاب سے اپنی پوزیشن محفوظ رکھنے کی کوشش کی ہے۔
چونکہ کوئی بین الاقوامی ادارہ امریکی فوج کے اس وحشی پن کو روکنے والا نہیں ہے، اس لئے ہمارے سامنے قرآن کریم کے اس فرمان پر کہ "فَمَنِ اعْتَدَیٰ عَلَیْکُمْ فَاعْتَدُوا عَلَیہ بِمِثْلِ مَا اعْتَدَیٰ عَلَیْکُمْ" عمل کے سوا کوئی اور راستہ نہیں بچا ہے۔ لہذا امریکا کے وہ میزبان ممالک جنہوں نے ایران پر حملے کے لئے، اپنی سرزمین جارح امریکی فوج کے اختیارمیں دی ہے، ہمارے مماثل جواب کے لئے تیار رہیں اور اپنے غیر فوجی امدادی دستوں کو اپنے شہریوں کی جان کی حفاظت اور ان جگہوں سے انہیں دور کرنے کے لئے آمادہ کرلیں جو ہمارے اہدف بن سکتے ہیں۔
ہم نے امریکی دشمن کو بزدلانہ طرزعمل بدلنے کا موقع دینے کی غرض سے،گزشتہ رات اپنے جوابی حملوں کے لئے صرف فوجی مراکز کا انتخاب کیا ہے۔
سپاہ کی زمینی فورس کے بہادر جوانوں نے آپریشن نصر2 کی اٹھارھویں لہر میں جو " یا ابوالفضل العباس علیہ السلام" کے رمزیہ کلمات سے شروع ہوئی، کویت میں امریکا کے علی السالم فوجی اڈے کے رڈاراسٹیشن اورعریفجان میں امریکی فوج کے لاجسٹک سپورٹ سینٹرمیں جارح فوجیوں کے جمع ہونے کے ایک مرکز کو تباہ کردیا۔
سپاہ کی بری فورس کے سپاہیوں نے اسی طرح اسلحے کی مرمت کے مرکز اور اس کے ایک گودام اور ڈرون طیاروں کے ہینگر کو بھی تباہ کردیا ہے۔ ہمارے غازیوں کی جانب سے مماثل جواب کا سلسلہ جاری ہے۔