اسرائیل کےخلاف جامع پابندیاں عائد کی جائیں، برطانیہ کے 80 ممبران پارلیمنٹ کا مطالبہ
7
M.U.H
27/07/2026
برطانیہ کے 80 سے زائد اراکینِ پارلیمنٹ نے ایک مشترکہ درخواست پر دستخط کیے ہیں جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسرائیل پر اقتصادی پابندیاں اور اسلحہ پابندی عائد کی جائے، جبکہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کے ساتھ تجارت پر بھی پابندی لگائی جائے۔ برطانوی رکنِ پارلیمنٹ رچرڈ برگن نے اعلان کیا کہ ہاؤس آف کامنز اور ہاؤس آف لارڈز کے 80 سے زائد ارکان، جو مختلف نو سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھتے ہیں، نے ایک مشترکہ اپیل پر دستخط کیے ہیں جس میں برطانوی حکومت سے اسرائیل کے خلاف جامع پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق، ان مطالبات میں اسرائیل پر اسلحے کی پابندی، اقتصادی پابندیاں، اور مغربی کنارے میں قائم اسرائیلی بستیوں میں تیار ہونے والی مصنوعات کی تجارت پر پابندی شامل ہے۔ یہ اقدام چند روز قبل برطانوی پارلیمنٹ میں زیرِ بحث آنے والے (Sanctions for Peace) نامی مجوزہ بل کے بعد سامنے آیا ہے، جسے لیبر پارٹی نے پیش کیا تھا۔ اس بل میں شدت پسند آبادکاروں کے خلاف کارروائی اور اسرائیلی بستیوں کے ساتھ تجارتی تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کی مسلسل توسیع کے باعث اسرائیل پر بین الاقوامی دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔ مغربی کنارے میں تقریباً 7 لاکھ 50 ہزار اسرائیلی آبادکار رہائش پذیر ہیں، اور بین الاقوامی قانون کے مطابق ان بستیوں کو غیر قانونی تصور کیا جاتا ہے۔