ایس آئی آر پر اعتراضات کے بعد الیکشن کمیشن کا فارم 6 سے اضافی ڈیکلریشن ہٹانے کا فیصلہ
30
M.U.H
30/09/2026
ہندوستانی الیکشن کمیشن (ای سی آئی) نے ان ریاستوں میں آن لائن فارم 6 میں ایس آئی آر سے متعلق اضافی اعلان کو ہٹا دیا ہے، جہاں ’خصوصی گہری نظر ثانی‘ (ایس آئی آر) مکمل ہو چکی ہے۔ الیکشن کمشنروں کی جانب سے فارم 6 میں نئی شق شامل کرنے پر اعتراض کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا۔ یعنی اب نئے ووٹر کارڈ بنوانے کے لیے لوگوں کو اپنے آبا و اجداد سے متعلق دستاویزات یا معلومات دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق 3 الیکشن کمشنروں میں سے 2 نے فارم 6 میں تبدیلی پر اعتراض کیا تھا۔ الیکشن کمشنر وویک جوشی نے کہا تھا کہ ’رجسٹریشن آف الیکٹرز رولز 1960‘ کے تحت فارم 6 کے قواعد میں ترمیم کیے بغیر تبدیلی نہیں کی جا سکتی۔ دوسرے الیکشن کمشنر سکھبیر سنگھ سندھو بھی ان سے متفق تھے۔ 26 ستمبر کو تینوں کمشنروں کی میٹنگ میں بھی یہ معاملہ اٹھا تھا۔
گزشتہ دنوں ایک میڈیا رپورٹ میں انکشاف ہوا تھا کہ الیکشن کمشنر وویک جوشی اور سکھبیر سنگھ سندھو نے گزشتہ 10 مہینوں میں 14 بار ایس آئی آر سے متعلق معاملوں میں اپنا اعتراض درج کرایا تھا۔ ان میں فارم 6 اور ’ای سی آئی این ای ٹی‘ کا معاملہ بھی شامل تھا۔ حالانکہ 26 ستمبر کو الیکشن کمیشن کی مکمل ٹیم کی میٹنگ کے بعد جاری پریس ریلیز میں الزامات کو یہ کہتے ہوئے خارج کر دیا گیا تھا کہ معاملہ ملازمین سے متعلق تھا۔ وہیں ’ای سی آئی این ای ٹی‘ پر آن لائن فارم 6 کے عمل میں ایس آئی آر سے وابستہ ڈیکلریشن شامل کیے جانے پر بھی سندھو نے اعتراض کیا تھا، اور اس تبدیلی کو غیر قانونی بتاتے ہوئے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اب فارم 6 میں نئی شق کو ہٹانے کا فیصلہ کمیشن کی پوری ٹیم کے فیصلے کے چند دنوں بعد لیا گیا کہ یہ شرط صرف ایس آئی آر کے عمل کے دوران ہی نافذ ہوگی۔
فارم 6 میں شامل کیے گئے ڈیکلریشن میں ووٹر کارڈ بنوانے والے نئے درخواست دہندگان خود کو یا اپنے والدین، دادا، دادی، نانا، نانی کو پہلے ہوئے ایس آئی آر کے دوران تیار ووٹر لسٹ سے جوڑنے والی تفصیلات دینی ہوتی تھی۔ یہ ڈیکلریشن ان ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں میں ’ای سی آئی این ای ٹی‘ پورٹل پر دستیاب رہے گا، جہاں ایس آئی آر فی الحال چل رہا ہے۔ حالانکہ الیکشن کمیشن نے 26 ستمبر کو جاری پریس ریلیز میں یہ کہا تھا کہ فارم 6 میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور ڈیکلریشن ایس آئی آر کے لیے ایک اضافی ضرورت تھی۔ اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بہار ایس آئی آر پر سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں اسے درست قرار دیا تھا۔ ساتھ ہی بتایا تھا کہ ایس آئی آر کے بعد فارم 6 کو دوبارہ پہلے جیسا ہی بحال کر دیا جائے گا۔