دبئی سے اسرائیل جانیوالی پرواز سعودی عرب اتار لی گئی، واقعہ ہائی جیکنگ نہیں
15
M.U.H
30/09/2026
دبئی سے تل ابیب جاتے ہوئے ہنگامی صورتِ حال کا سگنل جاری کرنے والی پرواز سعودی عرب میں باحفاظت لینڈ کر گئی۔ دبئی سے اسرائیل کی پرواز FZ1073 کی منزل تل ابیب تھی، جس کے حوالے سے ابتدائی اطلاعات میں ہائی جیکنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا، طیارے سے ہنگامی ایمرجنسی کوڈ 7700 اور پھر ہائی جیکنگ کا کوڈ 7500 جاری کیا گیا۔ ہنگامی صورتِ حال کے بعد طیارے نے اردن کی فضائی حدود میں فوری طور پر نیچے آتے ہوئے یو ٹرن لیا اور اپنا رخ سعودی عرب کی جانب موڑ لیا، تشویش ناک صورتِ حال کے پیشِ نظر اسرائیل نے اپنے جنگی طیارے فضا میں روانہ کر دیئے۔
طیارے میں تقریباً 180 مسافر سوار تھے، جن میں 150 سے زائد اسرائیلی تھے، طیارے کو فوجی طیاروں نے گھیرے میں لے کر سعودی عرب کے تبوک ایئر پورٹ پر لینڈ کرایا۔ بعد ازاں طیارے کے پائلٹوں کے درمیان دورانِ پرواز مبینہ جھگڑے کی رپورٹس سامنے آئیں، پائلٹس کی ہاتھا پائی کے دوران ہائی جیکنگ کا سگنل ہنگامی طور پر فعال ہوا۔ اسرائیلی وزیرِاعظم کے ترجمان نے بھی تصدیق کی کہ پرواز میں پیش آیا واقعہ ہائی جیکنگ نہیں۔
فلائٹ کی لمحہ بہ لمحہ صورتحال
مذکورہ پرواز صبح 7 بج کر 5 منٹ پر دبئی ایئر پورٹ سے روانہ ہوئی تھی، بوئنگ 737 میکس 8 طیارے نے 9 بج کر 10 منٹ پر تل ابیب لینڈ کرنا تھا۔ فلائٹ ڈیٹا کے مطابق روانگی کے ڈھائی گھنٹے بعد سعودی فضائی حدود میں ہنگامی صورتِ حال پیدا ہوئی، طیارے سے 10 بج کر 31 منٹ پر جنرل ایمرجنسی کوڈ 7700 جاری کیا گیا، جس کے 7 منٹ بعد 10بج کر 38 منٹ پر ہائی جیکنگ کوڈ 7500 جاری ہوا۔ فلائٹ ڈیٹا کے مطابق 11 بج کر 11 منٹ پر دبئی سے تل ابیب کی پرواز تبوک ایئر پورٹ کی لینڈنگ اپروچ سے ریڈار سے غائب ہوئی، ہنگامی صورتِ حال کے دوران طیارہ اردن کی فضائی حدود میں داخل ہوا، جسے شارپ یو ٹرن دے کر واپس سعودی فضائی حدود میں لایا گیا، طیارے نے 11 بج کر 16 منٹ پر سعودی عرب کے تبوک ایئر پورٹ پر لینڈنگ کی۔