امریکی تحقیقاتی ادارے کا مسلمان رکن کانگریس الہان عمر کے گھر پر چھاپہ
3
M.U.H
13/10/2026
امریکی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی مسلمان رکن کانگریس الہان عمر کے گھر پر چھاپہ مارا گیا اور ان کے گھر کی تلاشی لی گئی۔ امریکی میڈیا کے مطابق پیر کی صبح واشنگٹن ڈی سی کے نواحی علاقے میں امریکی ریاست منی سوٹا سے تعلق رکھنے والی رکن کانگریس الہان عمر کے گھر پر ہوم لینڈ سکیورٹی انویسٹی گیشنز کے اہلکاروں نے چھاپہ مارا۔ یہ کارروائی صومالی نژاد مسلمان رکن کانگریس کے خلاف امیگریشن سے متعلق کاغذات کے حوالے سے دھوکہ دہی کی فوجداری تحقیقات کے سلسلے میں کی گئی۔ یہ کاغذات ان کے والد نے اس وقت مکمل کیے تھے جب وہ بچی تھیں اور ان کے والد اب وفات پا چکے ہیں۔ امریکی محکمہ انصاف کے ایک ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ فیڈرل ایجنٹس نے محکمہ انصاف سے حاصل کردہ اور عدالت کی جانب سے منظور شدہ سرچ وارنٹ کے تحت تلاشی لی، یہ کارروائی جاری تحقیقات کا حصہ ہے۔ واضح رہے کہ حجاب پہننے والی الہان عمر 36 سال کی عمر میں پہلی بار 2018ء میں کانگریس کی رکن منتخب ہوئیں تھیں، اس وقت وہ امریکی تاریخ کی پہلی 2 مسلمان خواتین میں سے ایک تھیں جو امریکی ایوان نمائندگان کی رکن منتخب ہوئی تھیں۔ الہان عمر امریکہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، نسلی تعصب اور اسلاموفوبیا سے لے کر غزہ اور مقبوضہ کشمیر کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتی رہتی ہیں۔