تہران: شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے روئٹرز کے اس دعوے کے ردعمل میں کہ دمشق یمن میں فوجی دستے بھیج رہا ہے، اعلان کیا ہے کہ فوجی دستے بھیجنے سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔
شام کی خبر رساں ایجنسی سانا نے سنیچر کے روز ایک شامی سفارتی ذریعے کے حوالے سے لکھا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ موجودہ فوجی معاہدے ٹریننگ، مہارت کے تبادلے اور فوجی مشاورت کے شعبوں میں تعاون کے دائرے میں آتے ہیں۔ اس سفارتی ذریعے نے کہا کہ اگلے مہینے میں سعودی حکام کے دورۂ شام کے ساتھ ہم آہنگی کے لیے دوروں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔
اس باخبر ذریعے کے مطابق یہ تعاون مستقبل میں مشترکہ دفاعی معاہدے یا مشترکہ مفادات کے مطابق شام کی مکہ اتحاد میں شمولیت کی صورت اختیار کر سکتا ہے۔
سفارتی ذریعے نے سانا سے کہا کہ اس وقت شامی فوجی دستے یمن بھیجنے کی بات بے بنیاد ہے۔ آئندہ مرحلے میں شام کی ترجیحات داخلی سلامتی کو مستحکم کرنے، تعمیر نو اور معاشی بہتری کے حصول پر مرکوز ہیں۔
اس سے قبل روئٹرز نے دو شامی فوجی ذرائع اور ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ دمشق محدود تعداد میں فوجی دستے بھیجنے کے علاوہ ریاض اور صنعا کے درمیان جھڑپوں میں شدت کے دوران فوجی مشاورت اور ٹریننگ کے ذریعے سعودی عرب کی حمایت کر رہا ہے۔
روئٹرز نے دو شامی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ حالیہ ہفتوں کے دوران درجنوں فوجی اہلکار شام سے سعودی عرب منتقل کیے گئے ہیں۔ ان ذرائع نے بتایا تھا کہ اس مشن میں مشاورت اور ٹریننگ شامل ہے، تاہم اس کا دائرہ مزید وسیع ہو سکتا ہے۔