بحرین، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور علمائے دین کی گرفتاریوں کے خلاف احتجاج
14
M.U.H
08/11/2026
بحرینی حکومت نے ملک کے درجنوں ممتاز شیعہ علمائے دین اور دینی مدارس کے اساتذہ کے مقدمات کی سماعت رواں ماہ 22 نومبر تک ملتوی کر دی ہے۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بحرین میں مذہبی شعائر اور عزاداری کے جلوسوں پر بھی پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔ مذہبی مقررین اور واعظین کو اپنی سرگرمیاں محدود کرنے اور مذہبی اجتماعات میں کردار ادا نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ متعدد نوحہ خوانوں اور حسینیات و عزاداری کے مراکز کے انتظامی ذمہ داروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
ان اقدامات کے خلاف گزشتہ شب الدراز، سترہ، المالکیہ، السنابس اور بحرین کے دیگر علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے کارروائی کی اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بحرینی حکام نے رواں سال مئی اور جون کے مہینوں میں 50 سے زائد شیعہ علمائے دین اور خطبا کو گرفتار کیا تھا۔ ان افراد پر حکومت کے خلاف سرگرمیوں اور ایران سے روابط رکھنے کے الزامات عائد کیے گئے۔
دوسری جانب ہیومن رائٹس واچ اور بحرین انسٹی ٹیوٹ فار رائٹس اینڈ ڈیموکریسی سمیت 20 انسانی حقوق کی تنظیموں نے ایک مشترکہ بیان میں گرفتار افراد پر تشدد، جبری اعترافات لینے اور منصفانہ عدالتی کارروائی کے فقدان سے متعلق رپورٹس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔