گوکُل تنازعہ: کولہاپور میں ہزاروں کسان سڑکوں پر، مہاراشٹر حکومت کے آرڈیننس کی واپسی کا مطالبہ
9
M.U.H
09/11/2026
کولہاپور: مہاراشٹر کے کولہاپور میں گوکُل ملک یونین پر کنٹرول کے تنازعہ نے سیاسی شدت اختیار کر لی ہے۔ ریاستی حکومت کے متنازعہ آرڈیننس کے خلاف ہزاروں کسانوں، ڈیری مصنوعات کے کاروبار سے وابستہ افراد اور اپوزیشن رہنماؤں نے دسرا چوک پر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے حکومت سے آرڈیننس واپس لینے اور کوآپریٹو ادارے کی خودمختاری برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا۔
تنازعہ کی وجہ ریاستی حکومت کا وہ آرڈیننس ہے، جس کے تحت 500 کروڑ روپے سے زیادہ کاروبار کرنے والی کوآپریٹو تنظیموں میں حکومت کے نامزد ڈائریکٹروں کو ووٹنگ کا حق دیا گیا ہے۔ مظاہرین کا الزام ہے کہ اس فیصلے کا مقصد تقریباً 3 ہزار کروڑ روپے کے کاروبار والی گوکُل ملک یونین پر حکمراں مہایوتی اتحاد کا کنٹرول قائم کرنا ہے۔
احتجاج کرنتے والوں کے مطابق حکومت نے چار نامزد ڈائریکٹروں کو ووٹنگ کا حق دے کر یونین کے منتخب بورڈ میں اکثریت کا توازن تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے۔ گوکُل کے انتخابات میں اپوزیشن مہاوکاس اگھاڑی کے حمایت یافتہ پینل نے 25 میں سے 13 نشستیں حاصل کی تھیں، جب کہ مہایوتی کے حمایت یافتہ پینل کو 12 نشستیں ملی تھیں۔
احتجاج کی قیادت کانگریس کے رکن اسمبلی ستیج پاٹل اور سابق رکن پارلیمنٹ راجو شیٹی نے کی۔ سابق وزیر اور این سی پی (شرد پوار) کے رکن اسمبلی جینت پاٹل، کانگریس رہنما وشوجیت کدم اور سانگلی کے رکن پارلیمنٹ وشال پاٹل سمیت کئی رہنما بھی مظاہرے میں شریک ہوئے۔
ستیج پاٹل نے الزام لگایا کہ چار نامزد ڈائریکٹروں کی تقرری کے پیچھے وزیر چندرکانت پاٹل اور حسن مشرف کا کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی لڑائی اقتدار کے لیے نہیں بلکہ ساڑھے پانچ لاکھ کسانوں کے حقوق کے لیے ہے۔ ان کے مطابق یہ تحریک اب کولہاپور سے نکل کر پورے مہاراشٹر کا مسئلہ بن چکی ہے۔
جینت پاٹل نے حکومت کے فیصلے کو جمہوری اصولوں کے خلاف قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس سے آرڈیننس واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گوکُل میں منتخب بورڈ کی اکثریت کو کمزور کرنے کے لیے چار ارکان کو نامزد کیا ہے۔
سابق رکن پارلیمنٹ راجو شیٹی نے کہا کہ نامزد ڈائریکٹروں کا بنیادی کام منتخب ارکان کو مشورہ دینا ہے، نہ کہ ووٹنگ کے ذریعے فیصلوں پر اثر انداز ہونا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس طرح کا حق دینے کی کوئی روایتی مثال موجود نہیں ہے۔ احتجاج کے دوران ایک بینر بھی توجہ کا مرکز بنا، جس میں سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا گیا کہ ایک ووٹ کم ہونے پر استعفیٰ دینے والے واجپائی کہاں تھے اور آج ایک ڈائریکٹر کی کمی پوری کرنے کے لیے چار ڈائریکٹر نامزد کیے جا رہے ہیں۔