نفرت اور تقسیم کی سیاست کے خلاف کانگریس کی عالمی پہل، حیدرآباد میں 70 ممالک کے مندوبین کی شرکت کے ساتھ ’بھارت سمٹ‘ کا انعقاد
22
M.U.H
10/11/2026
گزشتہ ڈیڑھ دہائی سے ہندوستان سمیت پوری دنیا میں نفرت اور سماج کو تقسیم کرنے والی سیاست کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف کانگریس نے عالمی سطح پر ترقی پسند اور لبرل سیاسی پارٹیوں کو متحد کرنے کی پہل کی ہے۔ اسی سلسلے میں تلنگانہ کے حیدرآباد میں 13 اور 14 نومبر کو ’بھارت سمٹ‘ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں تقریباً 70 ممالک کے ایک ہزار مندوبین، پالیسی سازوں اور دنیا بھر کی ترقی پسند تحریکوں کے اہم رہنما شرکت کریں گے۔ کانگریس لیڈران نے اس سلسلے میں ایک پریس کانفرنس کر اہم جانکاریاں دیں۔ انھوں نے کہا کہ اس سمٹ کا مقصد نفرت اور تقسیم کی سیاست کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ہندوستان اور دنیا کے مستقبل کے لیے ایک متبادل سیاسی ویژن پیش کرنا اور ابھرتے ہوئے نئے عالمی نظام پر سنجیدہ مکالمے کو آگے بڑھانا ہے۔
کانگریس کے شعبۂ خارجہ امور کے چیئرمین سلمان خورشید نے اس پریس کانفرنس میں بتایا کہ سمٹ کے انعقاد میں کانگریس قیادت کی حمایت اور رہنمائی حاصل رہی ہے، جس کے لیے وہ قیادت کے شکر گزار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ سمٹ 2 اہم تاریخی مواقع کے ساتھ منعقد ہو رہی ہے۔ پہلا موقع پنڈت جواہر لعل نہرو کی 137ویں یوم پیدائش کا ہے، جن کی سوچ اور نظریات آج بھی کانگریس میں خارجہ پالیسی کی تشکیل اور اس پر غور و فکر کے لیے تحریک کا ذریعہ ہیں۔ دوسرا موقع ہندوستان کی آزادی کے 80ویں سال کا ہے۔