۔48 گھنٹے سے زائد عدالتی حراست میں رہنے پر سرکاری ملازم خودکار طور پر معطل تصور ہوگا: سپریم کورٹ
23
M.U.H
10/11/2026
سپریم کورٹ نے اپنے ایک فیصلہ میں کہا ہے کہ اگر کسی سرکاری ملازم کو گرفتار کیا جاتا ہے اور وہ مسلسل 48 گھنٹے سے زیادہ وقت تک عدالتی حراست میں رہتا ہے تو اسے قوانین کے مطابق معطل تصور کیا جائے گا۔ اس کے لیے محکمہ کو الگ سے معطلی کا حکم جاری کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ سپریم کورٹ نے بہار کے ایک سرکاری اسپتال کے مینیجر کی ضمانت عرضی پر سماعت کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا۔ عدالت نے اس بات پر بھی حیرانی کا اظہار کیا کہ رشوت کے معاملے میں ملزم ہونے اور معطلی کے باوجود اس ملازم کو اسی اسپتال میں اسی عہدہ پر دوبارہ بحال کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ مذکورہ معاملہ بہار کے سمستی پور واقع صدر اسپتال کے ایک مینیجر کی ضمانت عرضی سے متعلق تھا۔ مینیجر پر الزام تھا کہ اس نے ایک شکایت کنندہ کی 36421 روپے کی مزدوری کی ادائیگی منظور کرنے کے بدلے 4000 روپے کی رشوت مانگی تھی۔ مینیجر کے خلاف انسداد بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ 7(بی) کے تحت معاملہ درج کیا گیا اور پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔ گرفتاری کے بعد وہ تقریباً 15 دنوں تک عدالتی حراست میں رہا، بعد میں سیشن کورٹ نے اسے ضمانت دے دی۔ اس کے بعد شکایت کنندہ نے سیشن کورٹ کے ذریعہ دی گئی ضمانت کو پٹنہ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔ پٹنہ ہائی کورٹ نے سیشن کورٹ کی ضمانت منسوخ کر دی اور ملزم کو دوبارہ جیل بھیجنے کا حکم دیا۔ اس حکم کے خلاف ملزم نے سپریم کورٹ میں اپیل کی۔
سپریم کورٹ نے پٹنہ ہائی کورٹ کے ضمانت منسوخ کرنے والے حکم کو کالعدم قرار دے دیا، جس سے ملزم کی ضمانت بحال ہو گئی۔ حالانکہ سپریم کورٹ نے کہا کہ گرفتاری کے بعد 48 گھنٹے سے زیادہ وقت تک اگر کوئی سرکاری ملازم عدالتی حراست میں رہتا ہے تو قانون کے مطابق اسے خود بخود معطل تصور کیا جائے گا۔ اس معاملے میں ملزم تقریباً 15 دنوں تک عدالتی حراست میں رہا تھا اس لیے وہ اس کے دائرے میں آتا ہے۔
بہار حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کو پہلے معطل کیا گیا تھا۔ حالانکہ بعد میں اس کی معطلی منسوخ کر دی گئی۔ اس کے بعد اسے اسی صدر اسپتال میں پھر سے مینیجر کے عہدہ پر بحال کر دیا گیا۔ اس پر سپریم کورٹ نے حیرانی اور ناراضگی کا اظہار کیا۔ عدالت نے کہا کہ ریاستی حکومت کو اس معاملے کو جلد از جلد دیکھنا چاہیے اور مناسب کارروائی کرنی چاہیے۔