حضرت فاطمہ زہراؑ کے بغیر عصمت کا مرقع مکمل نہیں ہوسکتا: پروفیسر کمال الدین اکبر
12
M.U.H
13/11/2026
لکھنؤ 13نومبر: رسول خدا ﷺکی اکلوتی بیٹی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کی مناسبت پر امام باڑہ سبطین آباد حضرت گنج میں دوروزہ مجالس کے سلسلے کی پہلی مجلس کو پروفیسر کمال الدین اکبر نے خطاب کیا ۔
مجلس کو خطاب کرتے ہوئے پروفیسر کمال الدین اکبر نے کہاکہ حضرت فاطمہ زہراؑ کے بغیر عصمت کا مرقع مکمل نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہاکہ مباہلے سےپہلےاسلام کےدشمنوں نے جب جب شکست کھائی وہ پلٹ کر آئے مگر مباہلے میں شکست کھانے کے بعد دوبارہ آنے کی ہمت نہیں ہوئی ،کیونکہ مباہلےمیں صدیقۂ طاہرہ حضرت فاطمہ زہراؑ شامل تھیں ۔انہوں نے کہاکہ مباہلے کے میدان میں صداقت کا امتحان تھا۔آگے آگے رسول خداؐ تھے ۔امام حسنؑ انگلی تھامے ہوئے تھے ۔امام حسینؑ آغوش رسالتؐ میں تھے ۔بی بی فاطمہ ؑ پیچھے تھیں۔علی ؑ فاطمہؑ کے پیچھے تھے ۔تاکہ مورخ یہ نہ کہہ سکے کہ علیؑ کی شجاعت کے خوف کی وجہ سے نصاریٰ نجران ڈر کر پیچھے ہٹ گئے ۔مگر معلوم ہواکہ یہاں مقابلہ شجاعت کا نہیں بلکہ صداقت کاتھا۔اس لئے دشمن کو شکست بھی صداقت اور روحانیت کے معیار پر دی گئی ۔اہلبیت کو دیکھ کر نصاریٰ نے کہاکہ ہم ایسی صورتیں دیکھ رہے ہیں جو پہاڑ کو اشارہ کردیں تو وہ اپنی جگہ چھوڑ دے ۔اس لئے ہم مقابلہ نہیں کریں گے ۔اس کا مطلب یہ ہے کہ جب عصمت کامرقع فاطمہ کے آنے سے مکمل ہواتو بغیر مقابلے کے دشمن کو شکست دیدی گئی۔انہوں نے کہاکہ اہلبیت ؑ کی صداقت اس منزل پر ہے کہ جو وہ کہتے ہیں واقعہ اسی کے مطابق ڈھل جاتاہے ۔مجلس کے آخر میں انہوں نے حضرت فاطمہ زہراؑ کی شہادت کا واقعہ بیان کیا۔
مجلس عزا میں بارگاہ سیدہ عالمیان میں شعرائے کرام نے منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔ نظامت کے فرائض مولانا احمد رضا زیدی نے انجام دیئے ۔یہ مجلسیں سالانہ دفتر رہبری دہلی کی جانب سے منعقد ہوتی ہیں۔