ایران اور برازیل کے صدور کا دو طرفہ تعلقات کی توسیع اور تعاون میں فروغ پر زور
12
M.U.H
13/11/2026
تہران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ترکیہ میں اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی کے اکتیسویں اجلاس (COP31) کے موقع پر برازیل کے صدر لولا دا سلوا سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کی توسیع کی راہوں، اقتصادی و تجارتی تعاون میں فروغ اور خطے و بین الاقوامی سطح کے اہم مسائل و صورت حال پر گفتگو کی۔
اس ملاقات میں دونوں صدور نے اسلامی جمہوریہ ایران اور برازیل کے درمیان تعاون کی وسیع صلاحیتوں اور متنوع مواقع کا ذکر کرتے ہوئے باہمی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کر تعلقات کی سطح بلند کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے افق کھولنے کی ضرورت پر زور دیا۔
فریقین نے اقتصادی و تجارتی تعلقات کی توسیع کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، نجی شعبوں کے درمیان تعاون میں توسیع ، سائنسی، ٹیکنالوجی اور زرعی تعاون میں فروغ اور مختلف شعبوں میں موجود صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ دو طرفہ تعاون کی توسیع کو دونوں قوموں کے مشترکہ مفادات کے حق میں قرار دیا۔
ایران اور برازیل کے صدور نے اس ملاقات میں علاقائی اور عالمی حالات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے عالمی تعلقات میں آزاد ممالک کے کردار کو مضبوط کئے جانے کی ضرورت زور دیا ۔
اس گفتگو میں کثیر الجہتی تعاون کی حیثیت اور مشترکہ عالمی چیلنجوں کے مقابلے میں آزاد ممالک کے درمیان ہم آہنگی پر بھی غور کیا گیا اور امن، استحکام، پائیدار ترقی اور زیادہ منصفانہ بین الاقوامی نظام کے حصول کے لیے تعاون کی توسیع کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
صدر پزشکیان نے اس ملاقات کے آغاز میں برازیل کے صدارتی انتخابات میں دا سلوا کی کامیابی پر مبارکباد دی۔