فرانس کی 13 تنظیموں کا صہیونی مصنوعات کی درآمد پر پابندی کا مطالبہ
14
M.U.H
13/11/2026
فرانس کی 13 غیر سرکاری تنظیموں نے پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ مغربی کنارے میں قائم صہیونی بستیوں میں تیار ہونے والی مصنوعات کی درآمد اور فروخت پر پابندی عائد کی جائے۔
اس بل کو فرانس کی آٹھ سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 100 سے زائد ارکان پارلیمنٹ کی حمایت حاصل ہے۔ متعلقہ کمیٹی سے منظوری کے بعد اس پر 19 نومبر کو پارلیمنٹ کے علانیہ اجلاس میں بحث و غور کیا جانا ہے۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فلسطینی علاقوں میں صہیونی حکومت کی بستیوں کی تعمیر و توسیع کی پالیسی پر عالمی سطح پر تنقید بڑھ رہی ہے اور یورپی ممالک میں بھی ان بستیوں کی مصنوعات کے خلاف عملی اقدامات کے مطالبات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
بین الاقوامی قوانین کے تحت مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صہیونی بستیوں کی تعمیر غیر قانونی ہے اور مختلف عالمی ادارے متعدد بار اس عمل کو روکنے کا مطالبہ کرچکے ہیں۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے قرارداد 2334 میں واضح کیا ہے کہ 1967ء سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں، بشمول مشرقی بیت المقدس، میں صہیونی بستیوں کا قیام قانونی حیثیت نہیں رکھتا اور یہ بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
اسی طرح عالمی عدالت انصاف نے 2024ء کی اپنی مشاورتی رائے میں قرار دیا تھا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بستیوں کی تعمیر اور اس سے متعلق اقدامات فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی خلاف ورزی ہیں اور صہیونی حکومت کو ان مقبوضہ علاقوں میں اپنی غیر قانونی موجودگی ختم کرنی چاہیے۔
اس سے قبل بھی کئی یورپی ممالک مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں تیار ہونے والی اشیا کی خریداری اور درآمد پر پابندی کے بل منظور کر چکے ہیں۔