یمن کی الحدیدہ بندرگاہ پر سعودی فضائی حملہ ، سعودی عرب کے جازان میں دھماکے
21
M.U.H
20/11/2026
تہران:یمن کے ٹی وی چینل المسیرہ نے ایک فوری خبر میں اعلان کیا: الحدیدہ بندرگاہ سعودیوں کی جارحیت کا نشانہ بنی۔
اسی دوران سعودی اتحاد نے اعلان کیا کہ اس نے الحدیدہ بندرگاہ میں آپریشنل صلاحیتوں کو نشانہ بنایا ہے، جو اس اتحاد کے دعوے کے مطابق ہتھیاروں اور بیلسٹک میزائلوں کی اسمگلنگ کے لئے استعمال ہوتی تھیں۔
اس اتحاد نے مزید کہا کہ حملے ان مقامات کو تباہ کرنے کے لیے جاری ہیں جنہیں سعودی عرب نے صنعا، صعدہ اور تعز صوبوں میں فوجی اہداف اور بیلسٹک صلاحیتیں قرار دیا ہے۔
دوسری طرف عرب میڈیا نے سعودی عرب کے نجران اور جازان علاقوں میں خطرے کے سائرن بجنے کی خبر دی اور راصد نیوز چینل نے بتایا ہے کہ دھماکوں سے جازان کا ہل رہا ہے ۔
صنعا میں یمن کی حکومت کے ترجمان نے آج اعلان کیا کہ الحدیدہ بندرگاہ کو نشانہ بنانے کے بعد اب سعودی عرب کی بندرگاہوں کو نشانہ بنانا ہمارا قانونی حق ہے ۔
اس سے قبل یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحییٰ سریع نے ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ اگر سعودی دشمن نے الحدیدہ بندرگاہ پر بمباری کی اپنی دھمکی کو عملی شکل دی تو جدہ بندرگاہ اور بحیرہ احمر کے ساحلوں پر سعودی عرب کی تمام دیگر بندرگاہیں ہماری افواج کے لئے ٹارگیٹ ہوں گی۔
اس بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ ہم ان بندرگاہوں کے قریب موجود تمام عملے، کارکنوں اور افراد کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ فوراً وہ جگہ خالی کریں اور ان علاقوں سے دور ہو جائیں۔ اسی طرح ہم تمام شپنگ کمپنیوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوراً اپنے جہاز ان بندرگاہوں سے باہر نکال لیں۔
اس سے قبل، سعودی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے ایکس نیٹ ورک پر ایک نقشے کے ساتھ پوسٹ میں لکھا تھا کہ یہ اتحاد عام شہریوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے لیے منسلک نقشے کے مطابق الحدیدہ بندرگاہ کو خالی کر دیں۔