مغرب یوکرائن کی مدد، خیرخواہی کے جذبے سے نہیں کر رہا: پیوٹن
61
M.U.H
21/11/2026
روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ مغربی ممالک، کیف کی حمایت کرکے فریقین کو کمزور کرنے اور ان پر اپنی مرضی مسلط کرنے کے درپے ہیں۔
روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا کہ یوکرائنی عوام کو یہ سمجھنا چاہیے کہ مغربی ممالک، روس کے ساتھ تنازع میں کیف کی حمایت کرکے اپنے مفادات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
پوتین نے کہا کہ مغربی ممالک کا مقصد تنازع کے فریقین کو کمزور کرنا، انہیں چھوٹی چھوٹی اکائیوں میں تقسیم کرنا اور اپنی خواہشات کے سامنے جھکنے پر مجبور کرنا ہے۔
انہوں نے روس کے مخالفین کی جانب سے اس ملک کو کمزور کرنے کے لیے تاریخی طور پر اختیار کی جانے والی ’’تقسیم کرو اور حکومت کرو‘‘ کی پالیسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ یوکرین کے باشندوں سمیت سب کو اس حقیقت کو سمجھنا اور حالات و واقعات کا درست ادراک کرنا چاہیے۔
روسی صدر نے مزید کہا کہ جو ممالک روس کے ساتھ موجودہ محاذ آرائی میں یوکرائن کی حمایت کر رہے ہیں، وہ اپنے مفادات کے حصول کے لیے ایسا کر رہے ہیں اور ان کی امداد خود یوکرین کے مفادات کی خدمت میں نہیں ہے۔