ترک صدر رجب طیب اردوان صدارتی انتخابات میں 54.47 فیصد ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوچکے ہیں۔ ترک سرکاری میڈیا نے ترکی کی سپریم الیکشن کونسل کے حوالے سے بتایا کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان صدارتی الیکشن میں 54.47 فیصد ووٹ لے کر سب سے آگے ہیں جبکہ اپوزیشن کے امیدوار کمال کلیک دار اوغلو کو 45.53 فیصد ووٹ ملے ہیں۔ سپریم الیکشن کونسل (YSK) کے چیئرمین احمت ینیر نے دارالحکومت انقرہ میں صحافیوں کو ووٹوں کی گنتی کے سرکاری نتائج سے آگاہ کیا۔ 64.1 ملین سے زیادہ ترک شہریوں نے ووٹ ڈالنے کے لیے اندراج کیا تھا۔
جن میں 1.92 ملین سے زائد ایسے شہری ہیں جنہوں نے بیرون ملک پولنگ اسٹیشنوں سے حق رائے دہی استعمال کیا۔ملک بھر میں ووٹروں کے لیے تقریباً 192,000 بیلٹ بکس کا انتظام کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ 14 مئی کو ووٹنگ کے پہلے راؤنڈ میں کسی بھی امیدوار نے مطلوبہ 50 فیصد ووٹ حاصل نہیں کیے تھے جس پر آج ووٹنگ کا عمل دوبارہ شروع کیا گیا تاہم 14 مئی کی ووٹنگ میں صدر اردوان نے 49.52 فیصد کے ساتھ برتری حاصل کی تھی۔