پاکستان کے پاراچنار میں شیعوں کا قتل عام اعلانیہ دہشت گردی: مولانا کلب جواد نقوی
9
M.U.H
24/11/2024
مولانانے اقوام متحدہ سے دہشت گردوں اور پاکستانی سرکار کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا
ٍ لکھنؤ۲۴ نومبر: پاکستان کے پاراچنارمیں جاری شیعہ نسل کشی کی مذمت کرتے ہوئے مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہاکہ پاکستان حکومت اقلیتی طبقے کو تحفظ فراہم کرنے میں مسلسل ناکامی کا شکارہے ۔انہوں نے کہاکہ پاراچنار میں جس طرح علیٰ الاعلان عورتوں اور بچوں کا قتل عام کیاگیاہے ،اس سے ظاہرہوجاتاہے کہ پاکستان میں دہشت گردی شباب پرہے ۔مولانانے مزید کہاکہ پاراچنار میں شیعوں کی نسل کشی کی جارہی ہے مگر کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔افسوس یہ ہے کہ ہندوستان کے مسلم ادارے اور علماءبھی اس ظلم پر خاموش ہیں جو لائق مذمت ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاراچنار میں جس طرح عورتوں اور شیرخوار بچوں کا قتل کیاگیااس سے یزیدی فرقے کا چہرہ بے نقاب ہوگیا ۔پاکستان میں یزیدیت کے پیروکار موجود ہیں جو مسلسل دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں ۔مولانا نے کہاکہ پاکستان سرکار دہشت گردی پر قابوپانے میں ناکام رہی ہے یہی وجہ ہے کہ سرکاری افراد کی موجودگی میں شیعوں کا قتل عام کیاگیا۔مولانانے حقوق انسانی کے عالمی اداروں ،خاص طورپر اقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں شیعوں کی نسل کشی کا احتساب ہوناچاہیے اور پاکستانی سرکار پر اس جرم میں قانونی کاروائی ہونی چاہیے ۔مولانانے مطالبہ کیاکہ پاکستان کے شیعوں کے تحفظ کے لئے حقوق انسانی کے عالمی ادارے جلد از جلد موثر اقدام کریں اور اقوام متحدہ اس واقعے کے مجرموں اور دہشت گردوں کو سزادلوانے میں اپنا کردار اداکرے ۔