روسی صدر نے نئے بجٹ کی منظوری دیدی، فوج کے فنڈز میں بڑا اضافہ
37
M.U.H
02/12/2024
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے فوج کیلئے 25 فیصد اضافے کے ساتھ 2025-2027ء کے لیے نئے بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔ خبر ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق روس کی قانونی معاملات سے متعلق ویب سائٹ نے دستاویزات جاری کردی ہیں، جس میں دیکھا گیا ہے کہ منظور شدہ یا بجٹ فوج کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا ہے۔ روس کے نئے مالی سال کے بجٹ میں فوجی اخراجات کے لیے فنڈز میں 25 فیصد کا بڑا اضافہ کردیا گیا ہے، جو سوویت یونین کے بعد شروع ہونے والی تاریخ کا سب سے خفیہ بجٹ ہوگا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بجٹ کا تقریباً ایک تہائی حصہ عوامی اسکرونٹی کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
حکومت نے بجٹ میں فوج کے لیے بڑا حصہ مختص کرنے کے تاثر کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین میں جاری جنگ اور فوج کی مدد کے لیے بجٹ میں اضافے کے ساتھ سماجی ضروریات اور ٹیکنالوجی کی ترقی بھی ماسکو کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ روسی حکومت نے مذکورہ بجٹ کو متوازن قرار دیا ہے، جس میں رواں برس کے 1.7 فیصد خسارے کے تخمینے کے مقابلے میں 0.5 فیصد خسارہ کم ہوگا اور کہا گیا ہے کہ اگلے تین برسوں کے دوران ریاستی قرضے بھی 20 فیصد کے ہدف سے نیچے رہیں گے۔