سیکریٹری جنرل حزب اللہ: ایران اور عراق کی امداد ہرگز فراموش نہیں کریں گے
19
M.U.H
28/01/2025
تہران:حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل نے آج اپنے خطاب میں جنگ بندی اور علاقے کے مسائل پر گفتگو کی اور کہا کہ ہم اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق کی امداد ہرگز فراموش نہیں کریں گے
حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے آج شب بعثت رسول اسلام صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر اپنے خطاب میں، فلسطین سمیت علاقے کے حالات پر روشنی ڈالی۔
انھوں نے کہا کہ فلسطینی قوم کی کامیابی، علاقے کی سبھی اقوام اوردنیا بھر کے حریت پسندوں کی کامیابی ہے جنہوں نے ملت فلسطین کی حمایت اور پشت پناہی کی۔
شیخ نعیم قاسم نے فلسطین کی مجاہد قوم اور استقامتی فلسطینی محاذ کو عظیم کامیابی کی مبارکباد پیش کی ۔
انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بقاع میں حزب اللہ لبنان کے عہدیدار شیخ محمد حمادی کو خیانت کاروں نے شہید کردیا ۔ اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں لیکن صیہونیوں پر ہماری پوری توجہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ شیخ محمد حمادی حقیقی معنی ميں ایک کمانڈر تھے اور ہمیشہ مجاہدین کی حمایت اور پشت پناہی کرتے تھے۔
حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ آپریشن طوفان الاقصی کا مقصد پورا ہوگیا اور اسرائيل کو حماس اور استقامت کو ختم کرنے کے منصوبے میں پوری طرح ناکامی ہوئی۔
انھوں نے کہا کہ غزہ پر جارحیت کی طرح لبنان پر اسرائیلی حملہ بھی امریکا اور یورپ کی مدد سے انجام پایا تھا جس کا حزب اللہ کے سبھی مجاہدین نے مثالی اور بے نظیری استقامت وپائیداری سے مقابلہ کیا اورمیدان جنگ میں اپنی بے نظیر استقامت اور شہادت پسندی ثابت کردی۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ اسرائیل غزہ کی جنگ میں، جنگی مجرم کی طرح سامنے آیا لیکن اپنے مقصد ميں ناکام رہا اور اپنے جںگی قیدیوں کو آزاد کرانے کے لئے فلسطین کے استقامتی محاذ سے سمجھوتے پر مجبور ہوگیا۔
انھوں نے کہا کہ استقامتی محاذ، غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے اور مقبوضہ سرزمینوں کی آزادی کے لئے ایک سیاسی، ملی اور انسانی انتخاب ہے۔
حزب اللہ لبنان کے سیکریٹر جنرل نے کہا کہ ہم اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق کی جانب سے لبنانی عوام کی حمایت اور مدد کو ہرگز فراموش نہیں کریں گے اور اس کامیابی پر اپنے حلیفوں، اسلامی جمہوریہ ایران، یمن اور لبنان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔