یمنی مسلح افواج نے ایک اور جدید ترین امریکی ڈرون کو تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے۔
یمنی مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل یحیی سریع نے اعلان کیا کہ یمن کی فضائی دفاعی فورس نے مارب صوبے میں ایک امریکی MQ-9 ڈرون کو مقامی طور پر تیار کردہ میزائل سے نشانہ بنا کر مار گرایا ہے۔
جنرل یحیی سریع کے مطابق، یہ سولہواں امریکی ڈرون ہے جو "فتح موعود" اور "جہاد مقدس" آپریشنز کے دوران تباہ کیا گیا ہے۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے یمنی افواج کے ہاتھوں MQ-9 ڈرون کے مار گرائے جانے کی تصدیق کی ہے۔
MQ-9 ڈرون امریکی فوج کے انتہائی جدید اور مہنگے ترین جنگی و جاسوسی ڈرونز میں سے ایک ہے۔ یمنی افواج کی طرف سے تباہ کیا جانا، ان کی بڑھتی ہوئی عسکری صلاحیتوں کا مظہر ہے۔
یمنی مسلح افواج نے مزید کہا کہ بحیرہ احمر اور بحیرہ عرب میں اسرائیلی جہازوں کی نقل و حرکت کو روکنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ یمن، فلسطینی عوام کی حمایت میں اپنی کارروائیاں غزہ پر حملے رکنے اور محاصرے کے خاتمے تک جاری رکھے گا۔
یمنی افواج نے متحارب قوتوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ دنوں میں دشمن کی جنگی کشتیوں کے خلاف مزید دفاعی کارروائیاں کی جائیں گی۔
دوسری جانب اسرائیلی چینل 14 کے مطابق، اسرائیلی دفاعی ادارے توقع کر رہے ہیں کہ انصار اللہ امریکی حملوں کے جواب میں اسرائیل کے خلاف میزائل اور ڈرون حملے مزید بڑھا دے گا۔