'آپریشن سندور' دہشت گردی کے ماتھے پر کھینچی گئی سرخ لکیر ہے، بھُج ایئربیس سے راجناتھ سنگھ کا خطاب
20
M.U.H
16/05/2025
بھُج (گجرات): وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بھُج ایئربیس پر ہندوستانی فضائیہ کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپریشن سندور‘ دہشت گردی کے خلاف ہماری عزم و ہمت کی علامت ہے اور یہ ابھی ختم نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ اب تک ہوا وہ صرف ایک ٹریلر تھا، مکمل فلم تو ابھی باقی ہے اور جب وقت آئے گا، دنیا کو وہ بھی دکھائی جائے گی۔
راجناتھ سنگھ نے ’آپریشن سندور‘ میں کامیابی پر مسلح افواج کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ سندور ہے جو نہ صرف شجاعت بلکہ عزم کی علامت ہے۔ ان کے مطابق یہ سرخ لکیر اب دہشت گردی کے ماتھے پر کھینچ دی گئی ہے۔ انہوں نے ہندوستانی عوام کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کا ساتھ دیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے دہشت گردی کے خلاف وہی راستہ اختیار کیا ہے جو بھگوان شری رام نے اختیار کیا تھا۔ جس طرح شری رام نے زمین کو راکشسوں سے پاک کرنے کا عہد کیا تھا، اسی طرح ہم نے بھی دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کا عزم کیا ہے۔
پاکستان کو واضح پیغام دیتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ نے سرحد پار دہشت گردی کے ڈھانچوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا ہے لیکن اب پاکستان ان تباہ شدہ ڈھانچوں کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی عوام سے حاصل شدہ ٹیکس کو دہشت گرد تنظیموں جیسے جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر پر خرچ کر رہا ہے، جسے اقوام متحدہ دہشت گرد قرار دے چکی ہے۔
راجناتھ سنگھ نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کو دی جانے والی مالی امداد پر ازسرِنو غور کرے کیونکہ ان کے خیال میں پاکستان اس امداد کا بڑا حصہ دہشت گردی کے ڈھانچوں کو مضبوط کرنے میں صرف کرے گا۔ مزید کہا گیا کہ جیسے ہندوستان میں کسی مشتبہ شخص کو ’گڈ بیہیویئر پروبیشن‘ پر رکھا جاتا ہے، اسی طرح موجودہ جنگ بندی کے دوران پاکستان کو بھی پروبیشن پر رکھا گیا ہے۔ اگر اس کا رویہ مثبت رہا تو ٹھیک، بصورت دیگر اسے سخت سزا کا سامنا کرنا ہوگا۔
انہوں نے یاد دلایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے حال ہی میں واضح طور پر کہا ہے کہ دہشت گردی پر حملہ اب ’نیو نارمل‘ ہے اور اگر کوئی ملک ہندوستان کی خودمختاری کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا، تو اسے سخت جواب دیا جائے گا۔ آخر میں انہوں نے جوانوں کے ساتھ ’بھارت ماتا کی جے‘ کے نعرے بھی لگائے اور ان کے جذبے کو سلام پیش کیا۔