’گجرات سماچار کو خاموش کر کے جمہوریت کی آواز دبائی جا رہی ہے‘ - راہل گاندھی کا سخت ردعمل
16
M.U.H
16/05/2025
نئی دہلی: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے ’گجرات سماچار‘ کے ڈائریکٹر باہوبلی بھائی شاہ کی گرفتاری اور میڈیا ہاؤس پر ای ڈی کی کارروائی کو جمہوریت پر حملہ قرار دیا ہے۔
اپنی ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پوسٹ میں راہل گاندھی نے سخت الفاظ میں کہا، ’’گجرات سماچار کو خاموش کرنے کی کوشش صرف ایک اخبار کی نہیں، بلکہ پورے جمہوری نظام کی آواز دبانے کی ایک اور سازش ہے۔ جب اقتدار کو آئینہ دکھانے والے اخباروں پر تالے لگائے جاتے ہیں، تب سمجھ لیجیے کہ جمہوریت خطرے میں ہے۔ باہوبلی شاہ کی گرفتاری خوف کی اسی سیاست کا حصہ ہے، جو اب مودی حکومت کی شناخت بن چکی ہے۔ ملک نہ ڈنڈے سے چلے گا، نہ ڈر سے — بھارت چلے گا سچ اور آئین سے۔‘‘
دریں اثنا، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی سخت ردعمل دیا۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی کے ایک حالیہ انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ’’مودی جی نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں کہا تھا — ’تنقید جمہوریت کی روح ہے‘۔ گجرات سماچار ایک 93 سال پرانا ادارہ ہے، جس کے بزرگ بانی، باہوبلی بھائی شاہ کو ای ڈی سے گرفتار کرا کے مودی جی نے ثابت کر دیا ہے — ’تنقید کرنے والوں کی گرفتاری تاناشاہ کے خوف کی پہلی علامت ہے۔ جس نے بھی اس حکومت کے خلاف آواز اٹھائی، اور جس نے بی جے پی سے سمجھوتہ نہیں کیا، اسے جیل جانا پڑا۔ حکومت کی جانب سے آزاد میڈیا پر دباؤ ڈال کر اسے اپنے حق میں استعمال کرنا جمہوریت کے لیے مہلک ہے۔‘‘
وہیں، کانگریس پارٹی نے اپنے ایکس ہینڈل سے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا، ’’مودی حکومت میں سچ لکھنے اور بولنے کی انتہائی سخت سزا دی جاتی ہے — تازہ معاملہ گجرات سے ہے۔ گجرات کے معروف اخبار ’گجرات سماچار‘ اور جی ایس ٹی وی پر ای ڈی نے چھاپہ مارا۔ ’گجرات سماچار‘ کے 73 سالہ ڈائریکٹر باہوبلی بھائی شاہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان کا جرم صرف اتنا تھا کہ وہ لگاتار حکومت سے سوال کر رہے تھے اور ان کی جوابدہی طے کر رہے تھے۔ لیکن بی جے پی حکومت کو جواب اور جوابدہی کی عادت نہیں ہے، چنانچہ انہوں نے ای ڈی بھیج کر جمہوریت کے چوتھے ستون کے حقوق کو روند ڈالا۔ اس سے قبل ’گجرات سماچار‘ کے ایکس ہینڈل کو بھی ہندوستان میں بلاک کر دیا گیا تھا۔ مودی حکومت کا یہ آمرانہ اور من مانی رویہ ملک کے لیے انتہائی خطرناک ہے، جس کے خلاف ہم سب کو یکجا ہو کر آواز بلند کرنی ہوگی۔‘‘
یاد رہے کہ گجرات کے معروف میڈیا ہاؤس ’گجرات سماچار‘ کے ڈائریکٹر باہوبلی بھائی شاہ کو ای ڈی نے منی لانڈرنگ کے الزامات میں گرفتار کیا ہے۔ گرفتاری سے قبل ان کے احاطے میں انکم ٹیکس اور ای ڈی کے افسران نے بیک وقت کارروائی کی تھی۔ گرفتاری کے بعد ان کی طبیعت بگڑنے پر انہیں پہلے وی ایس اسپتال اور پھر ان کی خواہش پر زائڈس اسپتال منتقل کیا گیا۔
ای ڈی کی جانب سے اب تک اس کارروائی پر باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے، جبکہ اپوزیشن نے اسے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا ہے۔