اپنی سرزمین پر یورینییم کی افزودگی جاری رکھیں گے:ایران
24
M.U.H
28/06/2025
اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے نے اصرار کیا ہے کہ ایران ہر حال میں اپنی سرزمین پر یورینییم کی افزودگی جاری رکھے گا۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے نے کہا ہے کہ علاقائی کنسورشیئم صرف تکمیلی کردار ادا کر سکتا ہے، قومی پروگرام کا متبادل نہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی سفیر سعید ایروانی نے امریکی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنی سرزمین پر یورینیم افزودگی کے حق پر سختی سے قائم ہے اور کوئی بھی بین الاقوامی پیشکش یا علاقائی تعاون ایران کے داخلی جوہری پروگرام کا متبادل نہیں بن سکتا۔
ایروانی نے کہا کہ ہم یورینیم کی افزودگی صرف ایران کے اندر اور ایرانی حاکمیت کے تحت ہی ممکن سمجھتے ہیں۔ ممکنہ کنسورشیئم صرف معاونت فراہم کر سکتا ہے، لیکن ہرگز ہمارے داخلی پروگرام کی جگہ نہیں لے سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ اپنے پرامن جوہری پروگرام کے حوالے سے پیدا ہونے والی تشویش کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی راہ اپنائی ہے۔ جوہری معاہدہ بھی اسی سفارتی اصول کی بنیاد پر طے پایا تھا، اور آج بھی ہم انہی بنیادوں کے پابند ہیں۔
ایروانی نے واضح طور پر کہا کہ ایران، جو کہ این پی ٹی کا ایک ذمے دار رکن ہے، کسی بھی دوسرے ملک سے نہ زیادہ حق چاہتا ہے اور نہ کم۔ ہم تحقیق، پیداوار، اور پرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی استعمال کرنا چاہتے ہیں اور اس میں داخلی پیداوار کا حق ہمارے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
اقوام متحدہ میں ایرانی نمائندے نے مزید کہا کہ ایران خطے کے ممالک کے ساتھ، جو کہ جوہری ری ایکٹر رکھتے ہیں، ایٹمی ایندھن اور حفاظتی امور میں تعاون کا خواہاں ہے۔
ایروانی نے امریکہ کے ساتھ ممکنہ معاہدے سے متعلق سوال پر مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ یورینیم کی افزودگی ایران کے اندر ہی ہوگی، یہی ہمارا قطعی اور غیر متزلزل موقف ہے۔