ٹرمپ کا ڈیموکریٹس پر ایران سے متعلق خفیہ رپورٹ لیک کرنے کا الزام، مقدمے کا مطالبہ
22
M.U.H
27/06/2025
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹک پارٹی پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے ارکان نے ایران میں امریکی فضائی حملوں سے متعلق ایک خفیہ انٹیلی جنس رپورٹ لیک کی، جو قومی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس لیک پر ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کیا جانا چاہیے۔
صدر ٹرمپ نے جمعہ کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ٹروتھ سوشل' پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا، ’’ڈیموکریٹس ہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے ایران میں جوہری تنصیبات پر پرفیکٹ فلائٹ یعنی درست نشانے پر حملے کی معلومات لیک کیں۔ ان پر فوری مقدمہ چلایا جانا چاہیے۔‘‘
ان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب امریکی دفاعی خفیہ ایجنسی کی ایک رپورٹ منظر عام پر آئی، جسے سی این این اور نیویارک ٹائمز نے شائع کیا۔ ان رپورٹس میں بتایا گیا کہ ایران کے جوہری پروگرام پر کیے گئے امریکی حملوں کے اثرات محدود تھے اور ان حملوں کے باعث صرف چند ماہ کی تاخیر ہوئی ہے۔ مزید یہ کہ ایران نے حملوں سے قبل اپنا زیادہ تر افزودہ یورینیم محفوظ مقام پر منتقل کر دیا تھا۔
ٹرمپ نے ان میڈیا رپورٹس کو ’فرضی خبریں‘ قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا، ’’سی این این نے ناکام نیویارک ٹائمز کے ساتھ مل کر تاریخ کے سب سے کامیاب فوجی حملے کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔ ایران میں جوہری تنصیبات مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔ عوام سی این این اور نیویارک ٹائمز کی اس گمراہ کن رپورٹنگ پر شدید تنقید کر رہے ہیں۔‘‘
دوسری جانب، وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولائن لیوٹ نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ حکومت اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’یہ ایک محدود خفیہ رپورٹ تھی جسے صرف چند افراد نے دیکھا تھا۔ ان میں سے کسی ایک نے غیر ذمہ دارانہ رویہ اپناتے ہوئے اسے لیک کیا۔ ہمیں اس کی تہہ تک جانا ہوگا اور اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ آئندہ خفیہ معلومات محفوظ رہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کی اولین ترجیح قومی سلامتی ہے اور خفیہ معلومات کے تحفظ کے لیے نظام کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔