’41 سال بعد ہم پھر خلا میں پہنچ گئے‘، ایکسیوم-4 مشن کی کامیاب لانچنگ، شبھانشو شکلا نے ہندوستانی پرچم بلند کیا
15
M.U.H
25/06/2025
لوگوں کا انتظار ختم ہوا۔ ایکسیوم-4 مشن کی کامیاب لانچنگ ہو چکی ہے۔ فالکن راکیٹ نے کامیابی کے ساتھ خلا کی طرف اڑان بھر لی ہے۔ ہندوستان کی طرف سے شبھانشو شکلا مشن کے کرو کے حصہ ہیں۔ اس مشن میں کئی دیگر ملکوں کی حصہ داری ہے۔
ہندوستانی بحریہ کے گروپ کیپٹن اور خلاباز شبھانشو شکلا خلا میں جانے والے دوسرے ہندوستانی بن گئے ہیں۔ اس سے پہلے 1984 میں خلاباز راکیش شرما نے خلائی سفر کیا تھا۔ راکیش شرما نے خلا میں جانے کے بعد کہا تھا، ’سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا‘۔
خلائی سفر پرروانہ ہوئے شبھانشو شکلا نے خلائی جہاز پر سوار ہونے کے بعد ہندوستانیوں کے لیے پیغام جاری کیا ہے۔ خلائی جہاز میں 10 منٹ کے سفر کے بعد شبھانشو نے جاری کیے گئے اپنے پیغام میں کہا کہ میرے کندھوں پر ترنگا لگا ہوا ہے۔ اس طرح میں ہر ہندوستانی سے جڑا ہوا ہوں۔ شبھانشو شکلا نے تین دیگر خلائی مسافروں کے ساتھ ’ایگزیوم-4‘ مشن کے تحت بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے سفر کے لیے اڑان بھر کر تاریخ رقم کر دی ہے۔
شبھانشو شکلا نے اپنے پیغام میں کہا، ’’نمسکار، میرے پیارے ہم وطنوں، 41 سال بعد ہم پھر خلا میں پہنچ گئے ہیں، یہ یادگار سفر ہے، ہم 7.5 کلومیٹر فی سکنڈ کی رفتار سے زمین کا چکر کاٹ رہے ہیں، میرے کندھوں پر ترنگا لگا ہے۔‘‘
شبھانشو شکلا نے کہا کہ ترنگا مجھے بتاتا ہے کہ میں آپ سبھی کے ساتھ ہوں اور یہ صرف آئی ایس ایس تک ہی میرے سفر کی شروعات نہیں ہے بلکہ ہندوستان کی انسانی خلائی اڑان کی بھی شروعات ہے۔ شبھانشو سمیت سمیت چاروں خلائی مسافر بدھ کو ایکسیوم اسپیس کے ذریعہ ایک تجارتی مشن کے تحت بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر میں ڈریگن خلائی جہاز میں سوار ہوئے۔
یہ طیارہ اسپیس ایکس کمپنی کی طرف سے روانہ کیا گیا ہے جس پر مالکانہ حق مشہور صنعت کار ایلون مسک کا ہے۔ کئی مرتبہ ملتوی ہونے کے بعد ایگزیوم-4 مشن کے لیے بدھ کو دوپہر 12 بج کر 1 منٹ کا وقت مقرر کیا گیا تھا اور طے وقت پر ہی یہ خلائی جہاز پرواز کر گیا۔
لکھنؤ میں پیدا ہوئے شبھانشو شکلا کے علاوہ امریکی خلائی ایجنسی ’ناسا‘ کے خلائی مسافر سابق مشن کمانڈر پیگی وہسٹن، ہنگری کے خلائی مسافر ٹبور کپو اور پولینڈ کے سلاووز اُجنانسکی-وسنیوسکی مشن کا حصہ ہیں۔ اسپیس ایکس نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’بدھ کو خلائی اسٹیشن جانے کے لیے ایکسیوم-4 کے اے ایکس-4 مشن کے لانچنگ کے لحاظ سے سبھی سسٹم صحیح نظر آ رہے ہیں اور اڑان کے لیے موسم 90 فیصد موافق ہے۔‘‘
ایکسیوم-4 تجارتی مشن کی قیادت کمانڈر پیگی وہسٹن کر رہی ہیں، جس میں شکلا مشن پائلٹ ہیں اور ہنگری کے خلائی مسافر ٹبور کپو و پولینڈ کے سلاووز مشن کے ماہر ہیں۔