ولایت علی کے اعلان کے لئے پیغمبر نے مکمل اہتمام کیا: مولانا کلب جواد نقوی
5
M.U.H
03/07/2025
لکھنؤ ۳ جولائی: امام باڑہ غفران مآب میں عشرہ محرم کی ساتویں مجلس کو مولانا کلب جواد نقوی نے ولایت علی کی عظمت اور اہمیت پر خطاب کیا ۔مولانا نے ولایت علی کی عظمت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ نے اعلان ولایت کے لئے حکم خدا پر مکمل اہتمام کیا تھا تاکہ کوئی یہ نہ کہہ سکے کہ علی کی ولایت کا اعلان تو یونہی جزوی طور پر کردیا گیا ۔اس لئے پیغمبر نے میدان غدیر کو چنا اور باقاعدہ سوا لاکھ حاجیوں کے مجمع میں ولایت علی کا اعلان ہوا ۔مولانا حدیث رسول کی روشنی میں امام حسن و حُسین کی عظمت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ نے ارشاد فرمایا ہے کہ یہ میرے دونوں فرزند امام ہیں خواہ کھڑے رہیں یا بیٹھ جائیں ۔مقصد یہ تھا کہ یہ خواہ صلح کریں یا جنگ کریں ،بہر حال حق انہیں کے ساتھ ہوگا ۔
مولانا نے حالات حاضرہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندو پرامن مذہب ہے ، رام چندر جی نے پوری زندگی ظلم کے خلاف لڑائی لڑی ۔ راون ایک ظالم حکمران تھا جس کا خاتمہ انہوں نے کیا ،اسکے باوجود کچھ ہندو ظالموں کی حمایت کررہے ہیں یہ قابل مذمت ہے ۔یہ وہ لوگ ہیں جو گوڈسے کو مانتے ہیں ،مہاتما گاندھی کے نظریے کو نہیں مانتے ۔ مولانا نے کہا کہ آخر کوئی حق پسند بے گناہ عورتوں اور بچوں کے قاتل کی حمایت کیسے کرسکتا ہے ۔اگر ہم ظلم کے خلاف لڑنے والوں کی تصاویر نہیں لگائیں گے تو کیا ہٹلر اور گوڈسے کی تصاویر لگائیں گے۔
مجلس کے آخر میں مولانا نے امام حسن کے فرزند حضرت قاسم کی شہادت کے واقعہ کو بیان کیا ۔مجلس کے بعد نوحہ خوانی و سینہ زنی بھی ہوئی ۔