متحد نہیں ہوئے تو حکومتیں تمہیں کچل دیں گی: مولانا کلب جواد نقوی
6
M.U.H
04/07/2025
لکھنؤ ۴ جولائی: امام باڑہ غفران مآب میں عشرہ محرم کی آٹھویں مجلس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سید کلب جواد نقوی نے عبداللہ ابن سبا کی شخصیت کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بعض محدثین اور مورخین نے شیعیت کو بدنام کرنے کے لئے فرضی کردار گڑھے ہیں،لیکن وہ بھی حق پر پردہ نہیں ڈال سکے ۔ مولانا نے شہادت امام حسین پر گریہ و ماتم کے جواز پر متعدد دلائل دیتے ہوئے کہا کہ رونا عین فطرت ہے ۔ ہر کوئی اپنے عزیز کی موت پر گریہ و بکا کرتا ہے ۔جو لوگ اعتراض کرتے ہیں وہ فطری تقاضوں کو نہیں سمجھتے ۔
مولانا نے موجودہ صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنی عزائی اور مذہبی روایات پر عمل کے لئے کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔اگر ڈروگے تو مزید ڈرایا اور دبایا جائے گا ۔مولانا نے علماء اور قوم کو اتحاد کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اگر متحد نہیں ہوئے تو حکومتیں تمہیں کچل دیں گی ۔ ہماری طاقت اتحاد میں ہے اس لئے انتشار سے بچیے ۔
مولانا نے آخر مجلس میں علمدار کربلا حضرت عباس علیہ السلام کی سقائی اور شہادت کے واقعہ کو بیان کیا ۔بعد مجلس عزاداروں نے نوحہ خوانی و سینہ زنی بھی کی