حماس نے صیہونی حکومت سے قزاقستان کے روابط کی تقویت کو غزہ کے خلاف جرائم کی توجیہ سے تعبیر کیا ہے
17
M.U.H
08/11/2025
تہران – ارنا – فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ قزاقستان کے روابط کی تقویت کی مذمت کی ہے اور اس کو غزہ کے عوام کے خلاف اس حکومت کے جرائم کی توجیہ کا اقدام قرار دیا ہے
ارنا کے مطابق حماس نے ایک بیان جاری کرکے غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ قزاقستان کے روابط کی تقویت کو فلسطینی عوام کی نسل کشی پر مبنی صیہونی حکومت کے جرائم کی توجیہ کا اقدام بتایا ہے۔
حماس نے کہا ہے کہ قزاقستان نے یہ فیصلہ ایسی حالت میں کیا ہے کہ صیہونی حکام کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت میں جنگی جرائم کا مقدمہ چل رہا ہے اور فسطائی صیہونی حکومت کی بین الاقوامی گوشہ نشینی بڑھ گئی ہے۔
حماس نے اپنے اس بیان میں ایک بار پھر سبھی ملکوں بالخصوص عرب اور اسلامی ملکوں سے غاصب صیہونی حکومت سے ہر قسم کے روابط منقطع کرنے اور اس حکومت کے ساتھ روابط معمول پر لانے کی مہم میں شرکت نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم سوشل ٹروتھ پر اعلان کیا ہے کہ قزاقستان ابراہم اکارڈ سے موسوم اسرائیلی حکومت کے ساتھ سازباز کے معاہدے میں شامل ہوگیا ہے۔