بریلی میں اجازت کے بغیر خالی مکان میں نماز ادا کرنے پر 12 افراد حراست میں
36
M.U.H
19/01/2026
بریلی: اتر پردیش کے ضلع بریلی میں پولیس نے اتوار کو 12 افراد کو اس وقت حراست میں لے لیا جب وہ ایک گاؤں میں خالی مکان کے اندر نماز ادا کرتے ہوئے پائے گئے۔ پی ٹی آئی کے مطابق یہ سرگرمی پیشگی اجازت کے بغیر انجام دی جا رہی تھی۔
یہ واقعہ محمد گنج گاؤں میں پیش آیا جہاں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں لوگوں کو خالی مکان میں نماز پڑھتے ہوئے دکھایا گیا۔ ویڈیو اور مقامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے ممکنہ امن و امان کی خرابی کو روکنے کے لیے مداخلت کی۔
ایس پی ساوتھ انشیکا ورما نے بتایا کہ دیہاتیوں سے اطلاع ملی تھی کہ خالی مکان کو کئی ہفتوں سے عارضی مدرسے کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بغیر اجازت کسی نئی مذہبی سرگرمی یا اجتماع کا انعقاد قانون کی خلاف ورزی ہے اور اگر ایسی سرگرمیاں دہرائی گئیں تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے لوگوں سے امن اور قانون کی پاسداری برقرار رکھنے کی اپیل بھی کی۔