ٹرمپ نے جیرڈ کشنر اور وٹکوف کا دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا
8
M.U.H
25/04/2026
امریکی صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنرکا دورہ پاکستان منسوخ کر دیا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی ایلچی سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر اب مذاکرات کے لیے پاکستان نہیں جائیں گے۔ نشریاتی ادارے کے مطابق فاکس نیوز سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا: "تمام پتے ہمارے پاس ہیں، وہ جب چاہیں ہمیں فون کر سکتے ہیں، لیکن اب ایسا نہیں ہو گا کہ آپ زبانی جمع خرچ کے لیے 18 گھنٹے کی پرواز کریں۔ گزشتہ دنوں امریکی صدر نے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر پر مبنی دو رکنی امریکی وفد اسلام آباد بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ امریکی وفد آج پاکستان کے لیے روانہ ہونا تھا تاہم اب امریکی میڈیا سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے دورہ اسلام آباد منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وٹکوف اور کشنرکا دورہ پاکستان منسوخ کر دیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں ایرانی وفد اسلام آباد پہنچا تھا۔ ایرانی وفد نے آج وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقاتیں کیں۔ اسلام آباد میں ملاقاتوں کے بعد ایرانی وفد مسقط اور ماسکو کے دورے پر روانہ ہو گیا۔