اسرائیل کے اشتعال انگیز اقدامات کا خاتمہ ہونا چاہئے: اردگان
7
M.U.H
17/05/2026
ترکیہ کے صدر "رجب طیب اردگان" نے علاقائی استحکام پر زور دیا۔ انہوں نے كہا كہ ایران کے خلاف بڑھتی ہوئی کشیدگی کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ اسرائیل کی اشتعال انگیز کارروائیاں بند ہونی چاہئیں۔ رجب طیب اردگان نے ان خیالات کا اظہار قازقستان سے واپسی پر اپنے طیارے میں موجود صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ترکیہ مضبوط علاقائی تعاون، گہری دفاعی صلاحیتوں، نیٹو اور یورپی اتحادیوں کے ساتھ سفارتی تعلقات کی تجدید کی کوششوں کو جاری رکھے گا۔ اس کے ساتھ ہم مشرق وسطیٰ میں استحکام کے خواہاں ہیں۔ انہوں نےایران کے خلاف امریکی و صیہونی جارحیت پر کہا کہ اگر حقیقی امن قائم کرنا ہے تو اسرائیل کو روکنا ہوگا۔
اسرائیل کی لامحدود اشتعال انگیزی، موجودہ علاقائی بحران کی اہم وجوہات میں سے ہیں۔ رجب طیب اردگان نے خبردار کیا کہ تل ابیب اپنی خواہشات کی تکمیل کے لئے پورے مشرق وسطیٰ میں جنگ پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ موجودہ انتشار کو مزید پیچیدہ بحران میں تبدیل ہونے سے روکنے کی بھرپور کوششیں جاری رکھے گا۔ علاقائی مسائل کا حل خود خطے کے ممالک کو طے کرنا چاہئے۔ اگر خطے میں پائیدار استحکام مطلوب ہے تو سب کو اپنے چھوٹے چھوٹے مفادات کو ترک کرنا ہوگا۔ علاقائی ممالک کو چاہئے کہ وہ بیرونی عناصر کے مفادات کی بجائے اپنے شہریوں کے حقوق کا تحفظ کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لئے اشتعال انگیز اقدامات اور مختصر مدت کی سیاسی سوچ کا خاتمہ ضروری ہے۔