ہماری مسلح افواج آبنائے ہرمز میں سوئی کی نوک کے برابر بھی پیچھے نہیں ہٹیں گی: ایرانی فوج کے ترجمان کا اعلان
18
M.U.H
14/07/2026
تہران :اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر محمد اکرمی نیا نے تہران میں عوامی اجتماع سے خطاب میں کہا ہے کہ چار مہینے سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے کہ ایرانی عوام نے شہروں کے چوراہوں پر مسلح افواج کی حمایت میں اپنے اجتماعات کا سلسلہ پوری شجاعت کے ساتھ جاری رکھا ہے اور اس طرح انھوں نے دشمن کے سازشی منصوبوں پر پانی پھیر دیا ہے۔
انھوں نے دہشت گرد امریکی فوج کے جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اوراس کا موجودہ صدرجرائم پیشہ اور بدعنوان ہے۔
ایرانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ امریکا کی بدعہدی کی تاریخ بہت طولانی ہے، اس نے انقلاب سے پہلے، 1953 میں تیل کی دولت قومیائے جانے کو جو ایرانی عوام کا حق تھا، برداشت نہیں کیا اور حکومت کا تختہ الٹنے کا منصوبہ تیارکیا جبکہ ابھی انقلاب نہیں آیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ انقلاب آنے کے بعد امریکا کی ایران دشمنی بڑھ گئی۔
انھوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب اور اسلامی جمہوری نظام سے امریکا کی دشمنی کئی گناہ زیادہ ہے اس لئے کہ اسلامی انقلاب، ایرانی عوام کی آزادی، حریت پسندی اور قومی اقتدار اعلی کا علم بردار ہے اورامریکا ایرانی عوام سمیت دنیا کی سبھی اقوام کی آزادی اور ان کے مفادات کا مخالف ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے ترجمان نے کہا کہ امریکیوں نے اسلام آباد مفاہمتی یاد داشت میں، آبنائے ہرمز میں ایران کی تدابیر اورانتظامات کو تسلیم کیا تھا لیکن ریاکاری کا ثبوت دیتے ہوئے، نیا راستہ بنانے کی کوشش کی۔
انھوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج پوری طاقت سے امریکی بدعہدی کے مقابلے پرڈٹ گئيں اور انھوں نے اعلان کیا کہ مفاہمتی یاد داشت میں جن تدابیر اور انتظامات پر اتفاق ہوا ہے، آبنائے ہرمز میں، ان کو چھوڑ کرہراقدام پراسلامی جمہوریہ ایران کا محکم ردعمل سامنے آئے گا۔
ایرانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ ملت ایران کے حقوق کا احترام آبنائے ہرمزکھلنے کا واحد راستہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ امریکا کے جارح اور بد عنوان صدر کو بین الاقوامی قوانین اور اصول وضوابط نیز ایرانی عوام کے حقوق کا احترام سیکھنا ہوگآ۔
ایرانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ جیسا کہ ہم نے پہلے بھی اعلان کیا تھا، آبنائے ہرمز امریکا کی جنگ، شر پسندی اور جارحیت سے ہرگز نہیں کھل سکتی اور اس کے کھلنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ امریکا ایرانی عوام کے حقوق کا احترام اور اسلام آباد مفاہتی یاد داشت کی پابندی کرے۔
انھوں نے کہا کہ ایرانی عوام مطمئن رہیں مسلح افواج ڈٹی ہوئی ہیں اور آبنائے ہرمز میں ملت ایران کے حقوق سے سوئی کی نوک کے برابر بھی پیچھے نہیں ہٹیں گی۔