بحرین میں امریکی اڈے پر میزائل اور ڈرون حملہ دشمن کے متعدد MQ-9 تباہ، ایک قطرہ تیل اور گیس برآمد ہونے نہیں دیں گے: سپاہ پاسداران انقلاب
6
M.U.H
15/07/2026
تہران: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے باضابطہ بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ بحریہ اور ایئرواسپیس فورس نے نصر 2 آّپریشن کے تیسرے دور کے تحت بحرین میں واقع امریکیوں کے شیخ عیسی فوجی اڈے کو میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا۔
سپاہ پاسداران نے اعلان کیا ہے کہ اس حملے میں دشمنوں کے ہتھیاروں، پانی کے جہازوں اور ہیلی کاپٹروں کے فاضل پرزوں کے گودام اور MQ-9 ڈرون طیاروں کے مرکز کو مسمار کردیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اس بڑے حملے میں متعدد ایم کیو 9 ڈرون طیارے مکمل طور پر تباہ ہوگئے اور کئی کو بھاری نقصان پہنچا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے اس بیان میں آيا ہے کہ یہ حملہ منگل کی شام کو ایران کی ساحلی محافظ فورس کے مراکز پر امریکی جارحیت کے جواب میں کیا گیا۔
سپاہ پاسداران انقلاب نے انتباہ دیا ہے کہ جب تک امریکی جرائم جاری رہتے ہیں اس وقت تک ایران کی مسلح افواج حیران کن جوابی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
اس بیان میں زور دیکر کہا گیا ہے کہ امریکی شرپسندیوں کے جاری رہنے تک، خطے سے ایک قطرہ تیل اور گیس برآمد ہونے نہیں دیا جائے گا اور واشنگٹن کی جارحیت کا نتیجہ آبنائے ہرمز کی بحالی میں مزید تاخیر کی شکل میں سامنے آئے گا۔