تہران :صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ خلیل الحیہ کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں کہا ہے کہ فلسطینی رہنما، مذاکرات میں جو تدابیر بھی اختیار کریں گے اور جو فیصلہ بھی کریں گے، اسلامی جمہوریہ ایران اس کی حمایت کرے گا۔
صدر مملکت نے غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ مظالم اور جرائم کے مقابلے میں مظلوم فلسطینی عوام کے صبروتحمل، استقامت اور مقاومت کو قابل تعریف بتایا۔
انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے حکام اور عوام کا قلب وروح ہمیشہ مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ ہے اور ہم فلسطینی قوم کی حمایت ہر حال میں جاری رکھیں گے۔
انھوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف امریکا اور صیہونی حکومت کی جارحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام مشکلات کے باوجود، مسئلہ فلسطین ہماری نگاہ میں اسلامی دنیا کے اہم ترین مسئلہ ہے۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران فلسطینی عوام کی حمایت اور مدد میں کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔
حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ خلیل الحیہ نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں صیہونی حکومت اور امریکا کی جارحیتوں کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی استقامت و پائیداری کو قابل تعریف بتایا۔
انھوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت کو مثالی قرار دیا اور کہا کہ فلسطینی عوام صیہونی حکومت کے تمام تر مظالم ، وحشیانہ حملوں اور دباؤکے باوجود فلسطینی امنگوں اور شہدائے فلسطین کے خون سے جو عہد انھوں نے کیا ہے، اس پر باقی رہیں گے۔