اسرائیل کی ایران پر جارحیت، اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس شروع
22
M.U.H
21/06/2025
اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس استنبول میں شروع ہو گیا ہے۔ اجلاس میں ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سمیت رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور نمائندے شریک ہیں۔
اجلاس میں اسرائیلی جارحیت اور ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی پر غور کیا جا رہا ہے۔
وزرائے خارجہ اس اجلاس میں اسرائیل کی جانب سے ایران کی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور اس کے ممکنہ نتائج پر تبادلہ خیال کریں گے۔
الجزیرہ کے مطابق، یہ اجلاس اسلامی دنیا کی مشترکہ پالیسی مرتب کرنے اور اسرائیلی اقدامات کی مذمت کے لیے بلایا گیا ہے۔
دوسری جانب ترکی پہنچے کے بعد ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس پہلے سے طے شدہ تھا اور اسی تاریخ کو منعقد ہونا تھا، لیکن حالیہ دنوں میں ایران پر غاصب صہیونی حکومت کی جارحیت کے پیشِ نظر ہم نے اس موضوع پر ایک خصوصی اجلاس کی درخواست کی، جو قبول کر لی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اس اجلاس کے اختتام پر ایک مؤثر اور مضبوط بیان جاری کیا جائے گا۔
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے اجلاس کے موقع پر وہ دیگر رکن ممالک کے وزرائے خارجہ، تنظیم کے سیکریٹری جنرل اور ترک صدر سے ملاقاتیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان ملاقاتوں کا مقصد ایران کے مؤقف کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کرنا ہے۔
عراقچی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کو ایران کے مظلوم عوام کی آواز سننی چاہیے اور ان کے اپنے دفاع کے حق کو تسلیم کرنا چاہیے۔