اکھلیش یادو کا اعلان، 2027 میں حکومت بنتے ہی غریب خواتین کو دیے جائیں گے ماہانہ 3000 روپے
17
M.U.H
22/06/2025
سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اور اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے 2027 میں ہونے والے اسمبلی انتخاب کے متعلق بڑا اعلان کر دیا ہے۔ لکھنؤ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ اگر 2027 میں سماج وادی پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو ’اِستری سمّان سمردھی یوجنا‘ شروع کی جائے گی۔ اس اسکیم کے تحت غریب خواتین کو ہر ماہ 3000 روپے دیے جائیں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے بی جے پی حکومت پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ سماج وادی پارٹی کی ’پنشن یوجنا‘ کو بی جے پی نے دوسری ریاستوں میں نافذ کر کے حکومت بنا لی۔ اب وہی بی جے پی حکومت خواتین کے ساتھ دھوکہ کر رہی ہے۔
اکھلیش یادو نے سماج وادی پارٹی کی حکومت کی بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’سماج وادی پارٹی حکومت میں بیٹیوں کو سب سے زیادہ لیپ ٹاپ ملتا تھا، اب یہ لوگ غیر معیاری ٹیبلیٹ دے رہے ہیں۔ اس حکومت میں خواتین اور بیٹیاں بھی محفوظ نہیں ہیں۔ اخبار میں چھوٹی چھوٹی بچیوں کے ساتھ عصمت دری اور چھیڑ چھاڑ کی خبریں پڑھنے کو مل رہی ہیں۔ ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی بات کرنے والی حکومت کی یہ پالیسی زیرو ہو گئی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے زور دے کر کہا کہ 2027 میں خواتین کو زیادہ سے زیادہ انتخابی ٹکٹ دے کر سماج وادی پارٹی اسمبلی میں ان کی نمائندگی بھی بڑھائے گی۔
اکھلیش یادو نے بی جے پی پر پولیس سے سیاسی کام کرانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’پولیس صحیح طریقہ سے کام نہیں کر رہی ہے، پولیس لوگوں پر جھوٹا مقدمہ لکھ رہی ہے، بی جے پی کو انتخاب میں جیت دلانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ ایسی صورت میں پولیس سے لا اینڈ آرڈر کی امید نہیں کی جا سکتی۔‘‘
اکھلیش یادو نے الیکشن کمیشن پر بھی سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’الیکشن کمیشن بی جے پی کے دباؤ میں کام کر رہا ہے۔ انتظامیہ کی غیر جانبداری ختم ہوتی جا رہی ہے اور پولیس کا استعمال انتخاب میں دھاندلی کے لیے کیا جا رہا ہے۔‘‘ کُندرکی اسمبلی ضمنی انتخاب کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت کا سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ لیا جائے، جس میں سادی وردی میں پولیس اہلکار ووٹ دلاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ویڈیو دیکھنے کے بعد سب کچھ واضح ہو جائے گا۔‘‘