این آئی اے نے پہلگام دہشت گرد حملے کا سراغ لگا لیا، دو کشمیری گرفتار
13
M.U.H
22/06/2025
نئی دہلی: پہلگام دہشت گرد حملے کے معاملے میں ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے، نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے جن پر ان دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام ہے جنہوں نے یہ ہولناک حملہ کیا تھا۔
اس حملے میں 26 بے گناہ سیاح جاں بحق جبکہ 16 شدید زخمی ہوئے تھے، این آئی اے نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ این آئی اے کے مطابق، گرفتار ہونے والے دونوں ملزمان کا تعلق پہلگام کے علاقے سے ہے۔ ان میں سے ایک کا نام پرویز احمد جوٹھار (رہائشی: بٹکوٹ، پہلگام) اور دوسرے کا نام بشیر احمد جوٹھار (رہائشی: ہل پارک، پہلگام) بتایا گیا ہے۔
دونوں نے حملے میں ملوث تین مسلح دہشت گردوں کی شناخت ظاہر کی ہے اور تصدیق کی ہے کہ وہ پاکستانی شہری تھے اور ممنوعہ تنظیم لشکرِ طیبہ سے تعلق رکھتے تھے۔ این آئی اے کے مطابق: پرویز اور بشیر نے جان بوجھ کر ان تینوں دہشت گردوں کو ہل پارک کے ایک موسمی ڈھوک (جھونپڑی) میں حملے سے قبل پناہ دی تھی۔
ان دونوں افراد نے دہشت گردوں کو خوراک، رہائش اور دیگر سہولیات فراہم کیں، جنہوں نے اس المناک دن سیاحوں کو ان کی مذہبی شناخت کی بنیاد پر چن چن کر نشانہ بنایا، جس سے یہ حملہ دہشت گردی کی تاریخ کے بدترین واقعات میں سے ایک بن گیا۔
این آئی اے نے دونوں ملزمان کو انسدادِ دہشت گردی قانون 1967 کی دفعہ 19 کے تحت گرفتار کیا ہے۔ یہ مقدمہ (کیس نمبر آرسی-02/2025/این آئی اے/جے ایم یو) اُس حملے کے بعد درج کیا گیا تھا جو 22 اپریل 2025 کو دنیا کو ہلا کر رکھ دینے والا واقعہ تھا۔