ایران پر امریکی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا:ایرانی مندوب
21
M.U.H
23/06/2025
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں ایرانی مندوب نے کہا کہ ایران پر امریکی حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا جس کے وقت اور نوعیت کا فیصلہ ایرانی افواج کریں گی۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب اور سفیر امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جاری مذاکرات کو خود امریکہ نے تباہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں ایرانی مندوب نے کہا کہ ایران ہمیشہ سفارتکاری اور مذاکرات کے لیے سنجیدہ رہا ہے لیکن امریکہ کی جارحانہ پالیسیوں نے خطے میں بدامنی کو فروغ دیا ہے۔
سعید ایروانی نے مزید کہا کہ ایران اپنے دفاع کا قانونی حق استعمال کر رہا ہے جبکہ امریکہ خطے میں دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے۔
ایرانی مستقل مندوب نے امریکہ کی جانب سے ایرانی پر امن جوہری تنصیبات پر جارحیت کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا ہےکہ ایران کو اپنی خودمختاری کے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے اور ان حملوں کا بھرپور اور متناسب جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل اس جارحیت پر موثر اور غیر جانبدارانہ کارروائی کرے ورنہ نتائج پوری دنیا بھگتے گی۔
انکا کہنا تھا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اپنے دفاع سے بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
ایروانی نے مزید کہا کہ بین الاقوامی تنظیموں اور فرانس اور برطانیہ سمیت کچھ مغربی ممالک کی خاموشی، دوہرا معیار اور اس میں ملوث ہونا یکساں طور پر قابل مذمت ہے۔
ایرانی مندوب نے کہا کہ ایران پر لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد اور سیاسی محرکات سے بھرپور ہیں، ان کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ ایران پر امریکی حملے نیتن یاہو کو بچانے کی کوشش ہے۔